برطانوی بوڑھے کو نو ناکام شادیاں کرنے کے بعد سچا پیار مل گیا


برطانوی بڈھے ران شیپرڈ کو ایک دنیا جانتی ہے۔ اس لئے نہیں کہ وہ کوئی اہم شخصیت ہے، بلکہ اس لئے کہ ہر بار اُس کی شادی ناکام ہو جاتی ہے اور پھر ہر طلاق کے بعد وہ نئی دلہن بھی ڈھونڈ لیتا ہے۔ آٹھ شادیاں پہلے ہی ناکام ہو چکی تھیں، نویں دلہن شادی ہوتے ہی بھاگ نکلی، اور اب دسویں شادی کی تیاریاں ہیں۔ ستر سالہ ران اس بار بڑا پُر امید ہے کیونکہ اُسے لگتا ہے کہ بالآخر اسے سچا پیار مل گیا ہے۔

ران نے پہلی شادی محض 19برس کی عمر کی تھی لیکن اس کے بعد یہ سلسلہ وقفے وقفے سے چلتا ہی رہا ہے۔ اس کی طویل ترین شادی 13 سال تک چلی جبکہ مختصر ترین صرف 10ماہ پر محیط رہی۔ اب کی بار ایک نوجوان خاتون سے اس کی دوستی سوشل میڈیا کے ذریعے ہوئی اور چھ ماہ تک جاری رہنے والی دوستی کو اب انہوں نے شادی میں بدلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

میل آن لائن کے مطابق ران کا کہنا ہے کہ بار بار کی ناکامی نے اُسے خاصا مایوس کر دیا تھا مگر اب کی بار سچا پیار ملا ہے لہٰذا بڑی امید ہے کہ یہ شادی کامیاب رہے گی۔ اگرچہ وہ بہت پُر امید ہے مگر اس کی نئی دلہن کی عمر صرف 32 سال ہے، اور یہ بات جو بھی سنتا ہے وہ پہلا سوال یہی کرتا ہے کہ یہ شادی کامیاب ہو گی؟

ران نے بتایا کہ اُس کی ہونے والی دلہن کا نام نینا اور تعلق فلپائن سے ہے۔ وہ ملازمت کے سلسلہ میں قطر میں مقیم ہے اور ان کے درمیان دوستی چھ ماہ سے چل رہی ہے۔ ران اگلے ہفتے شادی کے سلسلے میں قطر کے دارالحکومت دوحہ جائے گا، جس کے بعد وہ اپنی دلہن کو ہنی مون پر لے جانے کے لئے پرجوش ہے۔ دیکھئے اس شادی کا انجام کیا ہوتا ہے، جس کے ہونے سے قبل ہی اس کی ناکامی کے خدشات ظاہرکیے جا رہے ہیں۔
بشکریہ ڈیلی پاکستان۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).