سب سے زیادہ کار حادثے کس وقت اور کس وجہ سے ہوتے ہیں؟


دن میں کس وقت سڑک پر سب سے زیادہ کار ایکسیڈنٹ ہوتے ہیں؟ جواب آپ کے تمام اندازے غلط ثابت کر دے گا

شاید آپ بھی یہی سمجھتے ہوں گے کہ ڈرائیونگ کیلئے سب سے زیادہ خطرناک وقت دن کا وہ حصہ ہوتا ہے جب ہر کوئی جلدی میں اپنے دفتر یا گھر پہنچنے کی کوشش کر رہا ہوتا ہے، لیکن حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔ آپ یہ جان کر حیران ہونگے کہ سڑک پر سب سے زیادہ حادثات رات کے وقت پیش آتے ہیں اور ان حادثات میں اموات اور زخمیوں کی تعداد دن کو پیش آنے والے حادثات کی نسبت کہیں زیادہ ہے۔ حادثات کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ رات 9بجے سے صبح 4 بجے کے درمیان کا وقت سب سے خطرناک ہے کیونکہ اسی وقت کے دوران سب سے زیادہ حادثات ہوتے ہیں۔

ماہرین اس کی کئی وجوہات بتاتے ہیں۔ مثال کے طور پر ہماری آنکھیں دن کی روشنی میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہیں اور رات کو ڈرائیونگ کرتے ہوئے ہمیں اضافی احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے جو بعض اوقات ممکن نہیں ہوپاتی۔ رات کی ڈرائیونگ کے دوران اُونگھ آنے کے امکانات بھی زیادہ ہوتے ہیں جو حادثات کا سبب بنتے ہیں۔ رات کے وقت ٹریفک کم ہوتی ہے، لہٰذا تیز رفتاری اور بے دھیانی کا مظاہرہ بھی زیادہ ہوتا ہے جو حادثات کا سبب بنتا ہے۔

ماہرین کہتے ہیں کہ رات کے وقت ڈرائیونگ کے لیے ہمیں کچھ ضروری باتوں کا بہر صورت خیال رکھنا چاہیئے۔اول تو یہ کہ گاڑی کی لائٹیں بہترین حالت میں ہوں۔ مناسب روشنی سے ناصرف آپ کا راستہ روشن ہوگا بلکہ پیدل چلنے والے اور سائیکل سواروں کو بھی آپ باآسانی دیکھ سکیں گے، جن کی وجہ سے اکثر حادثہ پیش آتاہے۔

سفر شروع کرنے سے قبل تمام لائٹوں کو اچھی طرح چیک کریں ، بریک اور ریورس لائٹس کا معائنہ کریں اور بہتر ہے کہ اس معائنے کیلئے آپ کے ساتھ کوئی مدد کے لئے موجود ہو۔ بیٹری ، بلب ، وائپر بلیڈز ، انجن آئل لیول اور ونڈ سکرین کا بھی اچھی طرح معائنہ کرلیں۔ خاص طور پر موسم خزاں اور سرما میں لائٹوں کے ساتھ ونڈ سکرین کی بہترین صفائی ستھرائی بنیادی اہمیت کی حامل ہے۔

اگر آپ کو تھکاوٹ محسوس ہو رہی ہو تو راستے میں کسی مناسب جگہ رُک کر تھوڑا سا آرام ضرور کر لیں۔چند منٹ کی نیند بھی آپ کو تازہ دم کر سکتی ہے۔ اگر آپ ڈرائیونگ کر رہے ہیں تو ایک معمولی سی غفلت صرف آپ کے لئے نہیں بلکہ آپ کے ساتھ سفر کرنے والے عزیز و اقارب اور دیگر مسافروں کی جان کے لئے بھی خطرہ بن سکتی ہے۔ راستے میں رُک کر آرام کرنے سے تھوڑی سی تاخیر تو ہو گی مگر یاد رکھیں کہ اس تھوڑی سی تاخیر کی قیمت آپ کی اور آپ کے پیاروں کی زندگی سے زیادہ نہیں ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).