ایوانِ وزیرِ اعظم، گورنر ہاؤسز کو تعلیمی ادارے، میوزیم بنا دیا جائے گا: حکومت


پاکستان کے وفاقی وزیرِ شفقت محمود نے جمعرات کو اسلام آباد میں اعلان کیا کہ حکومتِ پاکستان ایوانِ وزیرِ اعظم کو اعلیٰ معیار کی پوسٹ گریجویٹ یونیورسٹی میں منتقل کر دے گی۔

انھوں نے ایک پریس بریفنگ میں بتایا کہ ایوانِ وزیرِ اعظم کے پیچھے خالی زمین پر بھی تعمیرات کی جائیں گی۔

اس سے قبل وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت میں ایک اجلاس ہوا جس میں حکومت کے زیرِ استعمال عمارات کے استعمال کا جائزہ لیا گیا۔ اس اجلاس میں وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے وزیرِ اعظم کو اس بارے میں اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

شفقت محمود نے صحافیوں کو بتایا کہ ایوانِ وزیرِ اعظم 1096 کینال کے رقبے پر محیط ہے اور اس کے سالانہ دیکھ بھال پر 47 کروڑ روپے خرچ آتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ تحریکِ انصاف کی حکومت اپنے سو روزہ ایجنڈے کے تحت مری میں واقع گورنمنٹ ہاؤس جس کی تزئین و آرائش پر سابق حکومت نے حال ہی میں 60 کروڑ ڈالر خرچ کیے ہیں اسے سیاحت کو فروغ دینے کی غرض سے ‘ہیریٹیج بوتیک ہوٹل’ میں منتقل کر دے گی۔

اس کے علاوہ حکومت گورنر ہاؤس کو ٹرسٹ کمپلیکس بنا رہی ہے، جب کہ راولپنڈی پنجاب ہاؤس اور گورنر ہاؤس کو بھی تعلیمی اداروں میں منتقل کر دیا جائے گا۔

چند روز قبل تحریکِ انصاف نے ایک ویڈیو ٹویٹ کی تھی جس میں پرتعیش پنجاب ہاؤس دکھایا گیا تھا۔

https://twitter.com/PTIofficial/status/1039076012628369411

شفقت محمود نے کہا کہ لاہور میں واقع گورنر ہاؤس کو میوزیم اور آرٹ گیلری بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ گورنرہاؤس کے پارک کو عوام کے لیے کھولا جائے گا، جب کہ لاہور میں واقع چنبہ ہاؤس کو گورنر آفس میں تبدیل کیا جائے گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ کراچی کے گورنر ہاؤس کو عجائب گھر میں تبدیل کیا جائے گا، جب کہ گورنر ہاؤس کے متعلق فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

انھوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ کوئٹہ میں واقع گورنر ہاؤس کو بھی عجائب گھر میں منتقل کر دیا جائے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32507 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp