کینیا کے ایتھلیٹ کا میراتھن میں نیا عالمی ریکارڈ


میں نے ہمیشہ خود پر بھروسہ کیا ہے: الیوڈ کپچوج

میں نے ہمیشہ خود پر بھروسہ کیا ہے: الیوڈ کپچوج

کینیا کے ایتھلیٹ الیوڈ کپچوج نے جرمنی کے دارالحکومت برلن میں منعقدہ میراتھن میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔

اتوار میں برلن میں منعقدہ میراتھن میں انھوں نے 42.195 کلومیٹر کا مقررہ فاصلہ دو گھنٹے ایک منٹ اور 38 سیکنڈز میں طے کیا۔

اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتنے والے اس اتھلیٹ نے اپنے ہم وطن ڈینس کمیٹو کا ریکارڈ توڑا ہے جو انھوں نے چار سال قبل بنایا تھا۔

33 سالہ الیوڈ کپچوج نے سابقہ ریکارڈ کے مقابلے میں ایک منٹ اور 18 سیکنڈز کی برتری حاصل کی۔

عالمی ریکارڈ اپنے نام کرنے کے بعد کپچوج کا کہنا تھا کہ وہ صرف ’شکریہ‘ ادا کرنا چاہتے ہیں۔

انھوں‌ نے کہا ’میں شروع سے اپنی ریس کی تیاری کر رہا تھا اور حیران نہیں ہوا کہ میں تنہا ہی تھا۔ میں نے اس ریس کی بہت عمدہ تیاری کی تھی اور مجھے اپنے کوچ کے پروگرامز پر مکمل بھروسہ تھا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’میں بہت زیادہ خوش ہوں کہ میں نے بالآخر عالمی ریکارڈ بنایا ہے اور خود پر ہمیشہ بھروسہ کیا ہے۔‘

الیوڈ کپچوج کا شمار دور حاضر کے بہترین ایتھلیٹس میں ہوتا ہے۔ انھوں نے سنہ 2013 میں ہیمبرگ میں میراتھن ریسنگ کا آغاز کیا تھا اور اب وہ میراتھن ریسنگ میں ایک اہم نام ہیں۔

اس سے قبل وہ ٹریک ریسنگ میں سنہ 2008 اور سنہ 2004 کے اولمپکس مقابلوں میں کانسی اور چاندی کے تمغے جیت چکے تھے۔ سنہ 2003 اور سنہ 2007 کے عالمی مقابلوں میں انھوں نے طلائی اور چاندی کا تمغہ بھی جیتا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32554 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp