ہیلی کاپٹر کے مسافر


اگر آپ اپنی قوم کے انتہائی مقبول لیڈر ہیں۔ اور قوم نے آپ کو الیکشن میں بہت زیادہ ووٹ دے کر اسمبلی میں بھیجا ہے تا کہ آپ چند دوسرے گروپوں سے کچھ ووٹ جمع کر کے اسمبلی میں اپنی پچاس فیصد اکثریت حاصل کر لیں جو وزیر اعظم بننے کے لیے کم سے کم شرط ہے اور پھر اس ملک کی تقدیر بدلنے کے لئے وزیر اعظم کا منصب سمبھال لیں اور وی آئی پی کلچر ختم کر دیں جو اِس غریب قوم کے تمام مسائل کی بنیاد ہے۔ تو اس سب میں غلط اور غیر قانونی کیا ہے۔ اس پر ملک کے خزانے لوٹنے والے جو کہ اپنے بیٹوں کی ملکیت میں اثاثوں کی منی ٹریل بھی نہ دے سکیں اور اس جرم کی پاداش میں جیلوں میں پڑے ہوئے ہوں، کا واویلا بنتا ہے؟

تو کیا آپ وزیر اعظم ہوتے ہوئے اپنے کتے کو اپنے سرکاری ہیلی کاپٹر میں اپنے ساتھ نہیں بٹھا سکتے کہ جس ہیلی کاپٹر کا ٹوٹل خرچہ محض پچپن روپے ہے اور اس میں کم از کم دو افراد یعنی وزیر اعظم اور اُن کی اہلیہ سفر کر رہے ہوتے ہیں تو خرچہ شہباز شریف کی بے مقصد، عوامی سہولتوں کے نام پر، سفارشی لوگوں کے فائدے کے لئے، بنائی جانے والی میٹرو پر فی آدمی سفر سے بھی کم پڑ رہا ہے۔ کیا بیجا سرکاری سبسڈی پر چلنے والی میٹرو بسوں پر سفر کرنے والے لوگوں کی بے فائدہ تنقید کی بنیاد پر مقبول وزیر اعظم اپنے فیصلے تبدیل کرے گا جبکہ اُس وزیر اعظم اور اُس کے رشتے داروں کا کوئی اثاثہ سوائے بچوں کے ملک سے باہر نہیں ہے۔ حتیٰ کہ کتے بھی۔

فرض کریں یہ قوم جو پہلے ہی مہنگے پیٹرول اور مہنگے ڈالر کے ہاتھوں پریشان ہے، آپ کو اپنے مسائل حل کرنے کے لئے وزیر اعظم بنا دیتی ہے تو کیا آپ اپنے کتے کو الگ سرکاری ہیلی کاپٹر میں سفر کرائیں گے جبکہ آپ نے رضاکارانہ طور پر چار خراب ہیلی کاپٹر نیلام کرنے کا فیصلہ بھی کر رکھا ہو۔ یا کیا آپ کا کتا یعنی وزیر اعظم کا کتا گاڑیوں کے قافلے میں مہنگا سفر کرے گا؟

جبکہ پیٹرول کی قیمت آپ کی امنگوں اور قوم کی امیدوں کے برعکس ابھی بھی چھیالیس روپے فی لیٹر تک آنے کو تیار ہی نہیں اگرچہ آپ کے وزیر خزانہ پچھلی سفاک حکومت کے وقت سے اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ پیٹرول چھیالیس روپے ہی ہونا چاہیے اور گاڑیاں بھی مہنگی سے مہنگی تر ہی ہوتی جاتی ہیں کہ ڈالر آپ کے ہر دل عزیز وزیر خزانہ کی نافرمانی پر تُلا ہؤا ہے۔ یا کیا وزیر اعظم کے کتے کو ملک کے گوناگوں سیکیورٹی کے مسائل کی بھرمار میں بغیر سیکیورٹی کے ہی عام کاروں پر سفر کرنے پر مجبور کر دینا چاہیے جبکہ وہ کتا پہلے ہی صرف بامرِ مجبوری ہی سفر کرتا ہو۔

فرض کریں کہ آپ بطور وزیر عظم جہاں اور کئی مشکل فیصلے کرتے ہیں مثلاً آپ کو اپنی حکومت قائم کرنے اور قائم رکھنے کے لئے ایسے لوگوں سے سمجھوتے کرنے پڑتے ہیں جن کو آپ اچھا نہیں سمجھتے اور آپ اُن کو بُرے بُرے القابات سے نوازتے رہے ہیں، مثلاً آپ عالمی اداروں سے قرض لینے کا فیصلہ کرتے ہیں اگرچہ آپ ایسے قرضے کے خلاف ہیں، مثلاً آپ چھوٹی کابینہ رکھنا چاہتے ہیں مگر دو تین ہفتوں میں ہی آپ کو کابینہ میں توسیع کرنا پڑتی ہے، تو کیا آپ وہاں اپنے کتے کے آرام دہ سفر کے لئے کچھ مشکل فیصلے نہیں کر سکتے؟ بالکل کر سکتے ہیں۔ آخر آپ اس ملک کے مقبول وزیر اعظم ہیں جو باقی کئی وزراء اعظم کی طرح چور راستے سے نہیں بلکہ ووٹ لے کر آیا ہو۔ اور وفاق کے علاوہ تین صوبوں اور عوام کے دِلوں پر حکومت ہو۔

تو کیا ملک کے منتخب وزیر اعظم کو حق حاصل نہیں ہے کہ وہ اپنے فرائض کی بجا آوری کی خاطر روزمرہ کے سفر میں اپنے کتے کو سفر میں شامل رکھیں؟ چاہے وہ سفر ہیلی کاپٹر پر ہی کیوں نہ ہو۔ وزیر اعظم کو مشکل فیصلے کرنا پڑتے ہیں چاہے کتے کے ہیلی کاپٹر پر سفر سے متعلق ہی کیوں نہ ہوں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).