پاکستان میں ’منی بجٹ‘، ترقیاتی اخراجات میں کمی اور قیمتی مصنوعات پر ٹیکس میں اضافہ


پاکستانی کرنسی

پاکستان کی وفاقی حکومت نے قومی اسمبلی میں جو ’منی بجٹ‘ پیش کیا ہے اس میں بعض ٹیکس رعایتیں دی گئی ہیں جبکہ بعض چیزوں پر ٹیکس میں اضافہ کیا گیا ہے۔

نامہ نگار آصف فاروقی کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے قومی اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر عائد کردہ ٹیکس میں 100 ارب روپے کی کمی کی جا رہی ہے۔

یہ ایک طرح سے اسد عمر نے حکومت میں آنے سے پہلے عوام سے کیا گیا اپنا وعدہ پورا کیا ہے لیکن مسئلہ یہ ہے کہ اس ٹیکس کی کمی سے پیٹرول یا ڈیزل وغیرہ کی قیمت پر فوری طور پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

یہ ٹیکس اس وقت کارآمد ہو گا جب پیٹرولیم مصنوعات کی عالمی منڈی میں قیمت میں ایک حد سے زیادہ اضافہ ہو جائے۔

اس بارے میں مزید پڑھیے

پاکستان اور برطانیہ کے درمیان لٹی دولت واپس لانے کا معاہدہ

نئے پاکستان کے پہلے سو دن کیسے ہوں گے؟

پاکستان میں روپے کی قدر میں کمی کی وجہ کیا ہے؟

پاکستان، کرنسی ٹوٹ

سٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کم ہو رہے ہیں

قیمتی اور درآمد کردہ مصنوعات پر ٹیکس میں اضافہ

حکومت نے درآمد شدہ قیمتی موبائل فونز، 1800 سی سی سے بڑی لگژری گاڑیوں اور کھانے پینے کی درآمد شدہ قیمتی مصنوعات پر درآمدی ڈیوٹی میں اضافہ کر دیا ہے جس کے بعد ان مصنوعات کی قیمتوں میں فوری اضافہ متوقع ہے۔ البتہ کم قیمت کے موبائل فونز اور چھوٹی گاڑیوں کی قیمت پر اس کا کوئی اثر نہیں ہو گا۔

سگریٹ پر ٹیکس میں اضافہ

وزیر خزانہ نے سگریٹ پر ٹیکس میں اضافے کا اعلان کیا اور کہا کہ پاکستان میں سگریٹ دنیا بھر سے سستا ملتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت سگریٹ کی سمگلنگ روکنے کا بھی بندوبست کر رہی ہے تاکہ مہنگا ہونے کی صورت میں سگریٹ کی سمگلنگ میں اضافہ نہ ہو سکے۔ انہوں نے واضح نہیں کیا کہ سگریٹ کی قیمت میں کتنا اضافہ ہو گا۔

ترقیاتی اخراجات میں کمی

اسد عمر نے کہا کہ حکومت نے ترقیاتی اخراجات میں 350 ارب روپے کی کمی کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کٹوتی ان ترقیاتی سکیموں میں کی گئی ہے جن پر کام رکا ہوا تھا یا ان کے لیے رقم جاری نہیں کی گئی تھیں۔ جو ترقیاتی سکیمیں چل رہی ہیں ان کا بجٹ کم نہیں کیا جائے گا۔

ٹیکس آمدن میں 183 ارب روپے کا اضافہ

حکومت کا کہنا ہے کہ حکومت بغیر نئے ٹیکس لگائے 183 ارب روپے کی اضافی آمدن حاصل کرے گی جس میں تقریباً نصف صرف ٹیکس چوری روک کر کی جائے گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp