ایمیز 2018: برطانوی اداکاروں نے میدان مار لیا


70ویں ایمی ایوارڈز میں کسی ڈرامہ سیریز میں بہترین اداکار اور بہترین اداکارہ، دونوں ہی اعزازات برطانوی اداکاروں کے نام آئے ہیں۔ کسی ڈرامہ سیریز میں بہترین اداکارہ کا اعزاز برطانوی اداکارہ کلیئر فوئے نے حاصل کیا ہے جو کہ نیٹ فلیکس کی سیریز دی کراؤن میں ملکہ الزبتھ دوئم کا کردار ادا کرتی ہیں۔ ادھر میتھیو ریئز ایف ایکس چینل کی سیریز دی امریکنز کے لیے بہترین اداکار کا انعام جیت گئے۔ بہترین ڈدامہ سیریز گیم آف تھرونز رہی اور اس کے اداکار پیٹر ڈنکلج بہترین معاون اداکار رہے۔ دو شوز جن سے لوگوں کو بہت ساری توقعات تھیں، اٹلانٹا اور دی ہینڈ میڈز ٹیل، کوئی بھی انعام اپنے نام نہ کر سکے۔

اپنی تقریر میں کلیئر فوئے نے دی کراؤن کے بارے میں کہا کہ یہ ان کی زندگی کے بہترین ڈھائی سال رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’مجھے ایک ایسا کردار دیا گیا جو ادا کرنے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتی تھی اور مجھے ایسے دوست ملے ہیں جنھیں میں کبھی بھول بھی نہیں سکوں گی۔‘ شو کے تیسرے سیزن میں یہ کردار اولیویا کولمن ادا کریں گے۔ بہترین ہداہتکار کا انعام بھی سٹیون ڈالڈری کو ملا۔

میتھیو ریئز

                                                                       میتھیو ریئز نے ڈرامہ میں بہترین اداکار کا اعزاز جیتا

میتھیو ریئز نے اپنی تقریر میں سیریز کے بانی جو وائزبرگ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ایسے کردار کبھی کبھی آتے ہیں اسی لیے میں ہمیشہ آپ کے قرض میں رہوں گا۔‘ یہ تقریب لاس اینجلس کے مائیکروسافٹ تھیٹر میں منعقد ہوئی جہاں اس کے میزبان کینن تھومپسن اور کیٹ مکنن تھے۔ انھوں نے مذاق میں کہا کہ ان کی میزبانی سے ہالی وڈ میں نسلی تنوع کا مسئلہ حل ہو گیا ہے۔ کولن جوسٹ اور مائیکل شے نے بھی میزبانی کے فرائص انجام دیے۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ نیٹ فلکس کو بطور سٹریمنگ سروس سب سے زیادہ نومینیشن ملیں۔

تاہم ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ ’این بی سی کو کسی بھی نشریاتی نیٹ ورک کی سب سے زیادہ نومینیشنز ملی ہیں۔ یہ ایسے ہی ہے کہ آپ لائف سپورٹ پر ہوں اور حسین ترین کہلائے جائیں۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32290 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp