’اسرائیل کی کوششوں کے باوجود جدید راکٹ حاصل کر لیے ہیں‘


لبنان

حزب اللہ کے رہنما حسن نصراللہ ویڈیو لنک سے تقریر کرتے ہوئے

لبنان کے شدت پسند گروپ حزب اللہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کی کوششوں کے باوجود وہ جدید ترین راکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

تنظیم کے رہنما حسن نصراللہ نے حامیوں کو بتایا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ اسرائیلی انھیں روکنے کے لیے کیا کیا اقدامات کر رہا ہے کیونکہ وہ تو پہلے ہی ‘ٹھیک نشانے پر مار کرنے والے راکٹ’ حاصل کر چکے ہیں۔

لیکن انھوں نے اپنے دعوے کا کوئی ثبوت نہیں دیا۔

اس بارے میں مزید پڑھیے

’اسرائیل کا دمشق میں حزب اللہ کے اسلحہ ڈپو پر حملہ‘

اپنی لڑائی میں لبنان کو استعمال نہ کریں: امریکہ

اسرائیل نے شام پر فضائی حملے کیے ہیں جس کا مقصد ایران کی جانب سے اپنی حمایتی تنظیم حزب اللہ کو اسلحہ فراہم کرنے سے روکنا ہے۔ اشسرائیل نے سنہ 2006 میں جزب اللہ سے جنگ لڑی تھی۔

پیر کی رات کو شامی افواج نے غلطی سے روس کا فوجی طیارہ اس وقت مار گرایا جب وہ اسرائیلی طیاروں کی جانب سے کیے جانے والے حملے کا جواب دے رہے تھے۔

روس نے اسرائیل کو اس واقعے کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔ اس واقعے میں روسی طیارے کے عملے کے تمام 15 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

لبنان

حزب اللہ نے 2006 میں اسرائیل کے ساتھ جنگ میں وہاں ہزاروں راکٹس داغے تھے

دوسری جانب اسرائیل نے روس سے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا لیکن ساتھ ساتھ کہا کہ اس کی ذمہ داری ایران، شامی فوج اور حزب اللہ پر عائد ہوتی ہِے۔

بدھ کی رات کو ٹی وی پر نشر ہونے والی ایک تقریر میں حسن نصراللہ نے اسرائیل کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی تنظیم اور ایران کو صرف بہانے کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔

جمعرات کی صبح ایک اور تقریر میں انھوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے کیے گئے درجنوں حملے ناکام ہو گئے ہیں کیونکہ ان کی تنظیم نے پہلے سے ہی اپنا مقصد پورا کر لیا تھا۔

‘تم جتنی بھی کوشش کر لو راستہ بند کرنے کی، یہ معاملہ اب ختم ہو چکا ہے اور ہمارے پاس ٹھیک نشانے پر مار کرنے والے راکٹ اور صلاحیت آگئی ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ اگر اسرائیل نے لبنان پر جنگ مسلط کی تو اسے بھرپور جواب ملے گا۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32486 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp