امریکہ: ہندوؤں کے لیے’ قابل اعتراض‘ اشتہار پر رپبلکن پارٹی کی معافی


گنیش

امریکہ میں گدھا ڈیمو کریٹس کا نشان ہے جبکہ ہاتھی رپبلکنز کا

امریکہ کی رپبلکن پارٹی نے ایک اشتہار کی اشاعت پر ہندوؤں سے معاف مانگی ہے جس کا مقصد ان سے محبت کا اظہار کرنا تھا لیکن الٹا اس نے انھیں ناراض کر دیا۔

یہ اشتہار ہندوؤں کے ایک تہوار کے موقع پر شائع کیا گیا جن میں ان کے بھگوان گنیش کی تصویر کے ساتھ ایک سیاسی پیغام بھی درج تھا: ’آپ ایک گدھے کی پوجا کرنا چاہیں گے یا ایک ہاتھی کی؟ انتخاب آپ کا ہے۔‘

امریکہ میں گدھا ڈیمو کریٹس کا نشان ہے جبکہ ہاتھی رپبلکنز کا۔

رپبلکن پارٹی نے ٹیکسس میں اخبار میں اشتہار شائع کرنے والی فور بینڈ کاؤنٹی کی شاخ سے اس کی وضاحت کرنے کو کہا ہے۔

ہندوؤں کی تنظیم کے رکن رشی بھوتادا نے ایک بیان میں کہا ’اگرچہ ہم اس بات کی تعریف کرتے کہ پارٹی نے ہندوؤں کے اہم تہوار ہر ان کے قریب آنے کی کوشش کی لیکن ہندو بھگوان گنیش کو اپنے سیاسی نشان کے طور پر استعمال کرنا مشکلات پیدا کرنے والا اور قابل اعتراض تھا۔‘

کئی دوسرے ہندوؤں نے اس اشتہار کی تصویر ٹوئٹر پر شیئر کر کے پارٹی سے اس واپس لینے کو کہا۔

 


اس ردِ عمل کے جواب میں پارٹی کا کہنا تھا کہ اشتہار کا مقصد ہندو اقدار اور روایات کی ہتک کرنا نہیں تھا۔

فورٹ بینڈ کاؤنٹی رپبلکن پارٹی کے چیئرمین جیسی جیٹن نے صحافیوں کو بتایا ’اگر اس اشتہار سے کسی کو تکلیف پہنچی ہے تو ہم خلوص دل سے ان سے معافی چاہتے ہیں۔ یقیناً ہمارا یہ مقصد نہیں تھا۔‘

اس معافی نامہ کے بعد ہندوؤں کی تنظیم نے بھی اسے قبول کرنے کا بیان جاری کر دیا۔

تاہم رشی بھوتادا کا کہنا تھا ’یہ سوال قائم رہے گا کہ وہ آئندہ ایسی غلطیوں سے کیسے بچیں گے جو نہ صرف ہندوؤں بلکہ دیگر برادریوں کی ناراضی کا سبب ہیں۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp