ایشیا کپ: پاک بھارت سپر 4 میچ ، حساب برابر کرنے کا موقع


سٹیڈیم

میچ کی دلچسپی ہمیشہ کی طرح غیر معمولی ہو گی

پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں اتوار کے روز ایشیا کپ میں دوسری مرتبہ مدمقابل ہورہی ہیں۔

یہ سپر 4 کا میچ ہے۔ اس سے قبل دونوں کے درمیان کھیلے گئے گروپ میچ میں بھارت نے پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

آئی سی سی کا حسن علی، راشد خان اور اصغر افغان پر جرمانہ

ایشیا کپ شروع ہونے سے قبل ہر جانب صرف پاک بھارت مقابلے کی باتیں ہورہی تھیں اور اب بھی اس بات کے امکانات موجود ہیں کہ فائنل ان ہی دو ٹیموں کے درمیان ہوسکتا ہے لیکن گروپ میچ کے یکطرفہ ہونے کے بعد پاکستانی شائقین کو زبردست مایوسی کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم انہیں اب بھی امید ہے کہ اتوار کے روز پاکستانی ٹیم اسی انداز میں حساب بے باک کرسکتی ہے جیسا کہ اس نے گزشتہ سال چیمپئنز ٹرافی میں کیا تھا۔

یاد رہے کہ چیمپینز ٹرافی کے گروپ میچ میں بھارت نے پاکستان کو 124 رنز سے شکست دی تھی اس میچ میں پاکستانی ٹیم صرف 164 رنز بناسکی تھی لیکن پھرفائنل میں پاکستان نے بھارت کوصرف158 رنز پر آؤٹ کرکے 180 رنز سے حساب چکا دیا تھا۔

ایشیا کپ میں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے گروپ میچ میں اسٹیڈیم شائقین سے بھرا ہوا تھا جن میں بھارتی شائقین زیادہ تھے اور اتوار کو بھی فل ہاؤس کی توقع کی جارہی ہے۔

ایشیا کپ کے پہلے میچ میں بھارتی ٹیم کو ہانگ کانگ کے خلاف غیرمتوقع طور پر سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم اس کے بعد سے اس کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔

شیکھر دھون اور کپتان روہیت شرما اچھی فارم میں ہیں جبکہ بولنگ میں جسپرت ُبمراہ ۔ بھوو نیشور کمار اور رویندر جدیجا کی کارکردگی نمایاں رہی ہے۔

دوسری جانب پاکستان نے پہلا میچ ہانگ کانگ کے خلاف باآسانی آٹھ وکٹوں سے جیتا تھا لیکن پہلے بھارت اورپھرافغانستان کے خلاف اس کی بیٹنگ مشکلات میں گھری نظر آئی ہے۔ ان دونوں میچوں میں اوپنر فخرزمان صفر پر آؤٹ ہوئے ہیں جو پاکستان کے نقطہ نظر سے مایوس کن پہلو ہے۔

یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں فخرزمان نے سنچری سکور کی تھی۔ اس فائنل کے ایک اور اہم کھلاڑی فاسٹ بولر محمد عامر تھے لیکن ایشیا کپ کے دو میچوں میں وکٹیں نہ لینے کے بعد وہ ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب نہ ہوسکے اور افغانستان کے خلاف انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32295 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp