ٹی 10 لیگ کی شفافیت کے بارے میں آئی سی سی سے رابطہ


احسان مانی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے شارجہ میں ہونے والی ٹی 10 لیگ کی شفافیت کے بارے میں آئی سی سی سے رابطہ کیاہے اور یہ بات واضح کردی ہے کہ وہ اس بارے میں مکمل اطمینان کرنا چاہتے ہیں۔

یاد رہے کہ ٹی ٹین لیگ اس سال 23 نومبر سے 2 دسمبر تک شارجہ میں منعقد ہونے والی ہے جس میں پاکستان سمیت متعدد ممالک کے بین الاقوامی کرکٹرز حصہ لیں گے۔

اس سلسلے کی پہلی ٹی ٹین لیگ گزشتہ سال شارجہ میں منعقد ہوئی تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے ہفتے کے روز دبئی میں بی بی سی اردو کے ایک سوال پر کہا کہ جس لیگ میں بھی پاکستانی کرکٹرز کھیلتے ہیں اس بارے میں ازسر نو جائزہ لیا جارہا ہے اور وہ اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ جو لوگ ان لیگس کو چلارہے ہیں ان کی ساکھ اچھی ہے یا نہیں ؟۔

احسان مانی نے خاص طور پر ٹی ٹین لیگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان سے پہلے جو لوگ پاکستان کرکٹ بورڈ میں تھے انہوں نے یہ بات نہیں دیکھی۔پاکستان کرکٹ بورڈ میں اس بارے میں تحریری طور پر کوئی چیز موجود نہیں ہے جو انہیں یہ بتاسکے کہ ٹی ٹین لیگ کون لوگ کرارہے ہیں ؟ پاکستان کرکٹ بورڈ میں ان سے پہلے جو لوگ تھے انہوں نے یہ دیکھے بغیر ہی دستخط کردیے تھے کہ اس میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستانی کرکٹرز کو کتنا پیسہ ملے گا؟۔

احسان مانی نے کہا کہ وہ اس بات کی پوری تسلی کرنا چاہتے ہیں کہ ٹی ٹین لیگ کے منتظمین کون ہیں اور یہ کس کا پیسہ ہے؟۔

احسان مانی نے کہا کہ انہوں نے اس ضمن میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے رابطہ کیا ہے کیونکہ اس ٹی ٹین لیگ کی اجازت آئی سی سی نے دے رکھی ہے۔ انہوں نے آئی سی سی سے کہا ہے کہ وہ ٹی ٹین لیگ کے معاملے کو دوبارہ دیکھے اور دوبارہ تحریری یقین دہانی کرائے کہ وہ اس سلسلے میں مکمل طور پر مطمئن ہے کہ اس لیگ میں کوئی ایسی بات تو نہیں جس سے پاکستان کی بے عزتی ہو۔

احسان مانی نے کہا کہ گزشتہ سال ٹی ٹین لیگ کی طرف سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو چارلاکھ ڈالرز دیے گئے تھے جبکہ اس بار یہ رقم تقریباً چھ لاکھ ڈالرز ہے۔ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ یہ رقم بہت کم ہے تاہم پیسے سے زیادہ اہم بات ان کے لیے ملک کی ساکھ ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp