کپتان نے مکار مودی کی کرکٹ ٹیم کی خوب پدی نکالی


ہمارے وزیراعظم نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو نہایت ہی نیک خواہشات بھیجیں مگر اس جوہر ناشناس نے ان خواہشات کے ساتھ وہی سلوک کیا جو اونچے رتبے پر پہنچے ادنی شخص سے متوقع ہے۔ بھلا کہاں ڈھابے پر چائے بیچنے والا لونڈا اور کہاں اس عمر میں اکسفورڈ کی کرکٹ ٹیم کی کپتانی کرنے والا ہمارا کپتان۔ کپتان نے یہ رویہ دیکھ کر اسے وہ چوٹ ماری ہے کہ بچارا روتا پھرتا ہو گا مگر کسی کو اپنا دکھ بتا نہیں سکتا۔ کپتان نے مکار مودی کا بدلا کل اس کی کرکٹ ٹیم سے لیا ہے۔

مکار مودی نے شرما اور دھون کو ہمارے ساتھ گیم کرنے بھیجا تھا تاکہ وہ ہماری خوب بے عزتی کریں۔ لیکن الٹا ہم ہم نے ان کے ساتھ بہت بری کی۔ ہم نے اپنی باری پوری لی۔ پورے پچاس اوور کھیلے۔ ان کو بالنگ کروا کروا کر تھکا دیا اور فیلڈروں کی دوڑیں لگوا لگوا کر ہنپا دیا۔ یہ کام کیا بھی پہلی اننگز میں جب عربوں کا سورج اپنی پوری آب و تاب سے چمک رہا تھا۔ یوں ان کی خوب پدی نکالی۔

لیکن جب ہماری ٹیم کی باری آئی تو ہوا کیا؟ اس وقت تک شام ہو چکی تھی۔ اس خوشگوار موسم میں کچھ دیر تو ہمارے کھلاڑی میدان میں چہلیں کرتے رہے۔ لیکن ہمارے کپتان نے سختی سے ہدایت کی تھی کہ کسی انڈین کھلاڑی کو آؤٹ نہیں کرنا خواہ وہ کتنا ہی کیوں نہ مارے۔ اسی وجہ سے ہماری ٹیم نے ہاتھ آئے کیچ بھی پکڑنے کی زحمت گوارا نہیں کی۔ کوئی کیچ آتا تو یا تو دوسری طرف دیکھنے لگتے یا پھر اسے برائے نام ہاتھ لگا کر گرا دیتے۔

نتیجہ یہ کہ ان کے دونوں بیٹسمین تھک کر چور ہو گئے۔ اب پڑے ہفتے بھر اپنی ٹکور کرواتے رہیں گے۔ شاید ان انڈین کھلاڑیوں کو اندازہ ہو گیا تھا کہ ان کے ساتھ کیا سلوک کیا جا رہا ہے۔ اسی لئے ایک کھلاڑی خود ہی رن آؤٹ ہو گیا، ورنہ ہم نے اسے بھی آخر تک کھلاتے رہنا تھا۔

اس کے بعد ہمارے کپتان نے ماسٹر سٹروک کھیلا۔ یعنی انڈین ٹیم کو 40 اوور بھی نہیں کھلائے۔ اس سے پہلے ہی سکور پورا کروا دیا۔ بچارے پوری باری کھیل ہی نہیں سکے۔ اب ہم اپنی پوری باری لے کر دوڑ گئے ہیں تو وہ بیٹھے رو رہے ہوں گے کہ ہمارے ساتھ اچھا نہیں ہوا۔

آپ کو یہ ماجرا دیکھ کر اپنے بچپن کے دن یاد آ گئے ہوں گے۔ جب وہ بیٹ اور بال لانے والا لڑکا جو اپنی لمبی سی باری لینے اور آپ کی خوب پدی نکالنے کے بعد آپ کی باری آتے ہی بیٹ بال اٹھا کر یہ کہتا ہوا گھر واپس چلا گیا تھا کہ امی بلا رہی ہیں۔ یا پھر وہ میچ جب مخالف ٹیم اپنے حصے کے چھے اوور خوب جی بھر کر کھیلتی تھی لیکن جب آپ کی ٹیم کی باری آتی تھی تو پہلے دو اووروں میں ہی چھکے کھا کھا کر سکور پورا کروا دیتی تھی اور میچ ختم ہو جاتا تھا۔

ہمارے کپتان نے مکار مودی کی کرکٹ ٹیم کے ساتھ یہی عبرتناک سلوک کیا ہے۔ اب مودی سوچ رہا ہو گا کہ آئندہ کپتان کے ساتھ پنگا نہیں لینا۔ مکار مودی ہمارے کپتان کے لیول تک پہنچ ہی نہیں سکتا۔

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar