کیا اسرائیل احمدیوں کے تعاون سے بنا تھا؟


روزنامہ پاکستان لاہور 17دسمبر 2018 میں ڈاکٹر شہزاد صاحب کا ایک مضمون ‘مسئلہ احمدیت :کیا یہ صرف مذہبی مسئلہ ہے؟’ کے نام سے شائع ہوا۔ اس میں جماعت ِ احمدیہ پر بہت سے الزامات لگائے گئے ہیں۔ ان الزامات میں ایک الزام انہی کے الفاظ میں درج کیا جاتا ہے

“ستر سال بعد جب متحدہ ہندوستان کا بٹوارہ ہونے لگا تو مرزا کے احمدی پیروکاروں نے بطور جماعت انگریز سرکار سے یہ کہہ کر خود کو مسلمانوں سے الگ کر لیا کہ “ہم ایک الگ وجود رکھتے ہیں اور یہ کہ جن لوگوں کو تم مسلمان کے طور پر گن گن کر ضلع تقسیم کر رہے ہو وہ ‘مسلمان’ اور ہیں اور اصل مسلمان ہم ہیں۔ہمیں ان لوگوں میں نہ گنا جائے۔”

اس کے جواب میں خاکسار کا ایک مضمون 20 ستمبر کو روزنامہ پاکستان میں اور ‘ہم سب ‘ پر شائع ہوا اور اس میں خاکسار نے عرض کی تھی کہ ایک عرصہ سے باونڈری کمیشن کی کارروائی شائع ہو چکی ہے ۔ اور اس کمیشن کے روبرو جماعت ِ کا موقف بھی شائع ہو چکا ہے۔ جو موقف آپ نے جماعت ِ احمدیہ کی طرف منسوب کیا ہے وہ اس شائع شدہ کارروائی میں کہیں نہیں پایا جاتا۔ براہ مہربانی یہ فرمائیں کہ جو بات آپ نے جماعت ِ احمدیہ کی طرف منسوب فرمائی ہے وہ کس صفحہ نمبر پر ہے۔

اس کے جواب میں روزنامہ پاکستان 24 ستمبر میں اُن کا ایک طویل مضمون شائع ہوا۔ اور معلوم ہوتا تھا کہ ناراضگی کی کیفیت میں تحریر فرمایا ہے۔اس پہلو سے اس مضمون کے کچھ پہلو ملاحظہ ہوں [1] وہ اپنے دعوے کا حوالہ پیش نہیں کر سکے [2] انہوں نے تحریر فرمایا”سب جانتے ہیں کہ اخبارات میں کتابوں کے حوالے اور اقتباس دینے کا عمل بڑی حد تک ناروا تکلف ہوتا ہے”۔[3] پھر وہ لکھتے ہیں”یہ ان کا میرے اوپر قرض ہے ۔ جس پر میں بھر پور انداز میں لکھ کر ان کی خدمت میں پیش کروں گا “[4] پھر بالکل اُلٹ موقف ان الفاظ میں پیش فرمایا” اس سے کوئی خاص فرق نہیں پڑتا کہ تقسیم ِ ہند کے وقت انہوں نے کیا کہا تھا۔”

مکرم ڈاکٹر شہزاد صاحب نے خود ایک دعویٰ کیا ۔ اور جب حوالہ مانگا گیا تو تحریر فرمایا کہ حوالے دینے کا عمل تو اخبارات میں ناروا عمل سمجھا جاتا ہے۔ اور فرمانے لگے آخر اس سے فرق ہی کیا پڑتا ہے؟ عرض ہے کہ جو کارروائی شائع ہوئی ہے اس کی پہلی جلد کے صفحہ 428 سے 449 پر جماعتِ احمدیہ کا موقف شائع ہوا ہے ۔ آپ ناراض ہونے کی بجائے ہمیں یہ بتا دیں کہ باونڈری کمیشن کے روبرو جو موقف آپ نے جماعت ِ احمدیہ کی طرف منسوب کیا ہے وہ کس صفحہ نمبر پر موجود ہے؟ اور آپ کو مزید تکلیف کرنے کی ضرورت نہیں۔ آپ کے جس دعوے کو چیلنج کیا گیا تھا ، آپ اُس کا ثبوت تو دے نہیں سکے، اس کی جگہ ایک اور غلط دعویٰ پیش کر دیا کہ جماعت ِ احمدیہ کےچینل MTA3کی عربی نشریات اسرائیل سے ہو رہی ہیں ۔ بہت افسوس سے عرض کرنا پڑ رہا ہے کہ آپ کا یہ دعویٰ مکمل طور پر غلط ہے ۔ یہ نشریات لندن سے ہو رہی ہیں اور آپ کی مزید تسلی کے لئے ہم لنک درج کردیتے ہیں جس پر آپ کو اس چینل کی satellitesکی بھی تفصیلات مل جائیں گی

[http://www.mta.tv/satellite-info]

اگر  MTAکے باقی چینل لندن سے پروگرام نشر کر رہے ہیں تو یہ بات خلاف ِ عقل ہے کہ صرف عربی نشریات کے لئے اسرائیل کا رُخ کیا جائے اور وہاں نیا سیٹ اپ بنایا جائے۔ اور آج کل انٹرنیٹ پر یہ تمام تفصیلات آسانی سے چیک کی جا سکتی ہیں۔ اور اس زمانے میں یہ پتہ چلانا ہر گز مشکل نہیں کہ کون سا چینل اپنی نشریات کہاں سے نشر کر رہا ہے۔

ان دونوں مضامین میں ڈاکٹر شہزاد صاحب نے اسرائیل بننے کی سازش کا ذکر کیا ہے اور پھر یہ دعویٰ کیا ہے کہ خدانخواستہ جماعتِ احمدیہ ان کے الفاظ میں ‘یہود و نصاریٰ ‘ کی مدد سے چل رہی ہے۔ مناسب ہوتا ہے کہ دوسرے مرحلہ پر اس الزام کے بارے میں کچھ حقائق پیش کئے جائیں تا کہ سب کوعلم ہو کہ یہود نے اسرائیل کس طرح بنایا اور اس غرض کے لئے ‘نصاریٰ’ یعنی مغربی طاقتوں نے کس کو مدد دی۔ معتبر حوالوں کے ساتھ حقائق پیش کئے جاتے ہیں۔

1۔جب یہودیوں نے فلسطین میں اسرائیل بنانے کا منصوبہ بنایا تو باقی کئی عرب ممالک کی طرح فلسطین بھی ترکی کی سلطنت ِ عثمانیہ کا حصہ تھا۔ یہودیوں نے ایک سے زیادہ مرتبہ ترکی کے سلطان عبدالحمید سے رابطہ کیا ۔ اور ایک مرتبہ یہ رابطہ مشہور یہودی سائنسدان Haffkineکی وساطت سے بھی کیا تھا کہ وہ فلسطین میں یہودیوں کو آباد ہونے کی اجازت دیں۔ لیکن سلطان عبد الحمید نے سختی سے نکار کر دیا۔ یہودیوں کی یہ پوزیشن نہیں تھی کہ وہ اُس وقت سلطنت ِ عثمانیہ سے ٹکر لے سکیں۔

(تحریک ِ خلافت مصنفہ میم کمال اوکے ، ناشر قائد ِ اعظم اکیڈمی ، 1991ص 163-164)

2۔پہلی جنگ ِ عظیم کے موقع پر جب ترکی جرمنی کے اتحادی کے طور پر شامل ہوا تو برطانیہ کی افواج کو موقع ملا کہ وہ ترکی پر حملہ کریں ۔ چنانچہDardanelles کے مقام پر بحری اور بری حملہ کیا گیا لیکن اتحادیوں کو بری طرح شکست ہوئی اور اتحادیوں کے ڈھائی لاکھ کے قریب افراد مارے گئے اور بہت سے جہاز ڈوب گئے۔بحریہ کے وزیر ونسٹن چرچل کو اپنے عہدے سے ہٹنا پڑا۔

3۔اب کیا کرتے؟ اسرائیل تو نہیں بن سکتا تھا جب تک فلسطین پر سلطنت ِ عثمانیہ کا تسلط تھا۔ چنانچہ برطانوی ایجنٹوں کی ایک کھیپ عرب ممالک میں سرگرم ہو گئی۔ Philbyاور شیکسپیئر اور لارنس ان سب نے عربوں کو اور خاص طور پر عبدالعزیز السعود( موجودہ سعودی بادشاہ کے والدِ ماجد) کو اور شریف ِ مکہ کو ترکوں کے خلاف بغاوت پر آمادہ کر کے سلطنت ِ عثمانیہ کے خلاف بغاوت کر دی۔ پیسے بھی برطانیہ دے رہا تھا اور اسلحہ بھی برطانیہ مہیا کر رہا تھا، سارے منصوبے برطانیہ کے تعاون سے بن رہے تھے ۔ اور مسلمانوں کا خون بے دریغ بہایا گیا۔ اس طرح دوسرے عرب علا قوں کی طرح فلسطین سلطنت ِ عثمانیہ کے ہاتھ سے نکل کر مغربی طاقتوں کے قبضہ میں آ گیا۔ برطانیہ کی اجازت سے یہودی فلسطین میں آباد ہونے لگے۔ اور اسرائیل بننے کا عمل شروع ہوا۔ شریفِ مکہ اور عبد العزیزالسعود احمدی تو بہرحال نہیں تھے۔ ان کا تعلق کس مسلک سے تھا یہ تو سب جانتے ہیں۔

(The Kingdom by Robert Lacey, published by Hutchison 1991 p 103-152]

3۔ اور برطانیہ کے اصل ارادے کیا تھے چنانچہ وزیر ِ ہند Crewe نے 13 اپریل 1915 کو بالا حکام کو یہ رپورٹ بھجوائی

“۔۔۔میں نہیں سمجھتا کہ استنبول پر قبضہ ہو جانے کے بعد شریفِ مکہ حسین سے متعلق ہماری پالیسی کی وجہ سے ہمیں کوئی پریشانی ہو گی۔ ہمیں چاہئے کہ کہ ہم اسے ترکی کی غلامی سے نجات دینے کے لئے ہمارے بس میں جو کچھ ہے وہ کریں۔ لیکن اس سلسلے میں انتہائی احتیاط کی ضرورت ہے اور کسی کو یہ پتہ نہ چلے کہ ہم اسے مقامِ خلافت پر بٹھانا چاہتے ہیں۔ ہندوستان میں آج کل پان اسلام ازم کی جو تحریک چلی ہوئی ہے اس کا منبع اور مرکز استنبول ہے۔ یہاں کے اسلام پسند عناصر اس بات کو قطعی پسند نہیں کریں گے کہ خلافت عثمانیوں کے ہاتھ سے نکل جائے۔ لیکن شریف ِ مکہ یا کوئی اور عرب سنی لیڈر اپنے آپ کو عثمانیوں سے آزاد کر کے خلافت جیسے متبرک عنوان کو حاصل کر لے تو مسلمان رائے عامہ اور ہندوستانی مسلمانوں کے لئے بھی ان کا ساتھ دینے کے سوا اور کوئی چارہ کار نہیں رہ جائے گا۔۔۔۔

لیکن اس کے با وجود میرا خیال یہ ہے کہ آئندہ مسئلہ خلافت کی بنا پر مسلمانوں میں پھوٹ پڑ سکتی ہے۔ درحقیقت دیکھا جائے تو اس پھوٹ میں ہمارا سراسر فائدہ ہی ہے۔”

(بحوالہ تحریک ِ خلافت تحریر ڈاکٹر میم کمال او کے ،باسفورس یونیورسٹی استنبول، ترجمہ ڈاکٹر نثار احمد اسرار۔ سنگ ِ میل پبلیکیشنز لاہور1991۔ ص54-55)

(نوٹ اُس وقت برطانوی حکومت اور سعودی خاندان اور شریف ِ مکہ کے درمیان کس قسم کی ساز باز چل رہی تھی ، اس کا ریکارڈ برٹش لائبریری میں موجود ہے اور اب Declassify ہو چکا ہے اور بہت دلچسپ ہے۔ ان فائلوں سے ان حقائق کی تصدیق کی جا سکتی ہے۔ خاکسار نے اس ریکارڈ کا ایک حصہ حاصل کر لیا ہے اور کوئی بھی برٹش لائبریری سے یہ ریکارڈ حاصل کر سکتا ہے۔ اسے طلب کرنے پر پیش کیا جا سکتا ہے۔ بہت سی فائلوں میں ایک فائل کا نمبر درج کردیتا ہوں۔ صرف اس کا مطالعہ ہی صورت ِ حال واضح کر دے گا۔ فائل نمبر IOR/L/PS/10/388 ہے )

پڑھنے والے خود فیصلہ کر سکتے ہیں کیا اسرائیل احمدیوں کے تعاون سے بنایا گیا تھا؟ یا وہ گروہ اس میں شامل تھا جوکہ ہمیشہ جماعت ِ احمدیہ کی مخالفت میں پیش پیش رہا ہے۔امید ہے کہ ڈاکٹر شہزاد صاحب خفا ہونے کی بجائے ثبوت کے ساتھ جو نکات ہم نے لکھے ہیں ان میں سے کسی کو رد کرنے کی کوشش کریں گے۔ فی الحال باونڈری کمیشن اور اسرائیل بننے کے بارے میں حقائق پر ہی توجہ مرکوز فرمائیں تو ہم شکر گزار ہوں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).