لاہور میں سب انسپیکٹر کی وکلا کے ہاتھوں پٹائی کی ویڈیو وائرل


سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بُک پر بڑی تعداد میں ایک ویڈیو شیئر کی جا رہی ہے جس میں پنجاب پولیس کے ایک سب انسپیکٹر کو درجن بھر وکلا بری طرح پیٹ رہے ہیں۔

جمعے کی رات سے شیئر کی جانے والی اس ویڈیو کے آغاز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سب انسپیکٹر کی مار پیٹ کمرۂ عدالت کے اندر شروع ہوتی ہے اور عدالتی عملہ دیکھا جا سکتا ہے اور آخر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سب انسپیکٹر اپنا خون آلود منہ لے کر ایک جانب چلا جاتا ہے۔

اس ساری ویڈیو میں حیرت انگیز بات یہ ہے کہ دو مسلح پولیس اہلکار کھڑے یہ سارا منظر دیکھتے ہیں اور اپنی جگہ نہیں چھوڑتے۔

اس سلسلے میں ایک ایف آئی آر لاہور کے اسلام پورہ تھانے میں درج کی گئی ہے مگر اس میں پولیس اہلکار کی خواہش کے باوجود انسداد دہشت گردی کی دفعہ شامل نہیں کی گئی۔

جہاں یہ ویڈیو وائرل ہو رہی ہے وہیں اب اس بارے میں مختلف پروفائلز سے احتجاج کیا جا رہا ہے جس میں پنجاب پولیس، سندھ پولیس کے اہلکار بھی شامل ہیں۔

تشدد کا شکار ہونے والے سب انسپکٹر کا نام ثمر ریاض خان ہے جو پنجاب یونیورسٹی سے بی اے ایل ایل بی میں گولڈ میڈلسٹ ہیں۔

ثمر پنجاب میں پولیس میں اصلاحات کے نتیجے میں بھرتی کیے جانے والے گریجویٹ اور پڑھے لکھے سب انسپکٹرز کے تیسرے بیچ کا حصہ بنے۔

اس ویڈیو ہر تبصرہ کرتے ہوئے محمد عامر رانا نے لکھا ’شیم ان پڑھے لکھے جاہلوں پر۔ جب خود پر بنتی ہے تو مظلوم بن جاتے ہیں۔ ایسے روز بڑھتے واقعات کا نتیجہ بہت بڑے نقصان کی صورت میں نکلنے والا ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان کو سخت نوٹس لینا چاہیے۔‘

مدثر ہنجرا نے لکھا کہ’محترم چیف جسٹس آف پاکستان صاحب! پولیس کو عزت اور تحفظ دیے بغیر قانون کا بول بالا نہیں ہو سکتا۔ وکلاء کو تہذیب سکھائیں ,مظلوم کو انصاف دیں ورنہ تاریخ بہت بے رحم ہے۔ ‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp