شہباز شریف کی کالی ہانڈی پلٹ گئی


سینیٹ الیکشن میں پنجاب سے مسلم لیگ نون اپنی حیثیت سے زیادہ ووٹ لے اڑی اور تحریک انصاف کے چند ووٹ اڑنچھو ہو گئے۔ اس پر تحریک انصاف والے پریشان تھے ہی کہ رانا مشہود نے بیان داغ دیا۔ فرمانے لگے کہ اسٹیبلشمنٹ سے بات ہو گئی ہے۔ معاملات کو درست کرنے میں شہباز شریف کا بڑا کردار ہے۔ وہ ہمیشہ سے اسٹیبلشمنٹ کے لے قابل قبول رہے ہیں۔ پنجاب میں تحریک انصاف کے پاس معمولی اکثریت ہے اور جن لوگوں نے اکثریت دی ان سے بات ہوتی رہتی ہے، وہ پرانے دوست اور ساتھی ہیں اور اب وہاں بھی تبدیلی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ دو ڈھائی مہینے میں پنجاب میں اس پوزیشن میں ہوں گے کہ اپنی حکومت بنا سکیں۔ انہوں نے بتایا ’معاملہ ٹھیک اس طرح سے ہوا ہے کیونکہ شاید ان کو یہ سمجھ آ گئی ہے کہ انہوں نے گھوڑا سمجھا تھا وہ خچر نکلے اور جو خچر ہیں وہ ڈیلیور نہیں کر پا رہے ہیں۔ ‘

بظاہر مسلم لیگ نون کے اتنے برے حالات ہیں۔ اگر اس کے باوجود شہباز شریف نے اسٹیبلشمنٹ سے معاملات ٹھیک کر دیے ہیں تو یہ چمتکار کسی جادو ٹونے کے بغیر ممکن نہیں ہوا ہو گا۔ شریف خاندان خود تو نہایت مذہبی ہے اور جادو ٹونے سے دور اور پیروں ملنگوں کے قریب رہتا ہے، لگتا ہے کہ اس کے کسی چاہنے والے نے کوئی بڑا عامل کامل بنگالی بابا پکڑ لیا تھا جس نے بنگال کا سب سے خطرناک جادو کر ڈالا۔ ہمارا شبہ مکار مودی پر ہے۔

بنگال کا یہ جادو ڈھائیا کہلاتا ہے۔ اسے ڈھائیا اس لئے کہا جاتا ہے کہ یہ ڈھائی سیکنڈ، ڈھائی منٹ، ڈھائی گھنٹے، ڈھائی دن یا حد سے حد ڈھائی مہینے میں اپنا اثر دکھاتا ہے اور دشمن کا ستیاناس کر دیتا ہے۔ نوٹ کریں کہ رانا مشہود کو بھی کسی مہربان نے یہی دو ڈھائی مہینے میں تبدیلی کا یقین دلایا ہوا ہے۔ دشمن کے خاتمے کے لیے اس کالے عمل میں ایک ہانڈی لیتے ہیں جس میں چاقو چھریاں، سوئیاں اور ایک چراغ رکھا جاتا ہے۔ چراغ کو کالے جادو سے جلایا جاتا ہے اور وہ آندھی طوفان بارش اولوں میں بھی جلتا رہتا ہے۔ اس کے بعد سفلی عمل پورا کیا جاتا ہے اور پھر یہ ہانڈی اڑتی ہوئی جاتی ہے اور دشمن کے پاس پہنچ کر اس کا خاتمہ کر ڈالتی ہے۔ مکار مودی نے یہ ہانڈی ڈھائی ماہ میں پنجاب حکومت کے خاتمے کی نیت سے بھیجی ہو گی۔

ڈھائیا ایک نہایت کارگر جادو ہے۔ اس سے دشمن کا بچنا ناممکن ہے۔ لیکن اگر دشمن زیادہ بڑا جادوگر ہو، یا اس سے بھی بڑھ کر کوئی روحانی شخصیت اس کی پشت پناہ ہو جو نوری عمل اور روحانی وظائف کی بڑی ماہر ہو، تو وہ اس جادو کو کرنے والے پر پلٹا سکتی ہے۔ اس صورت میں جس کے حق میں جادو کیا گیا ہو، وہ اڑن ہانڈی پلٹ کر اسی کا سوا ستیاناس کر دیتی ہے۔

اب جس طرح رانا مشہود کے اس ڈھائیے والے اعلان کے بعد تحریک انصاف کی حکومت اپنی آب و تاب سے قائم ہے لیکن الٹا شہباز شریف جیسا پسندیدہ شخص گرفتار ہو گیا ہے تو اس سے شبہ ہو گیا ہے کہ جس چاہنے والے نے اڑن ہانڈی کا جادو کروایا ہو گا، اس نے الٹا مروا دیا ہے۔ آدھی کسر رانا مشہود کے بیان نے پوری کی تو کام پورا اڑن ہانڈی والے نے کروا دیا۔

شریف خاندان کو چاہیے کہ وہ اس مشکل سے نکلنے کو کسی بڑی روحانی شخصیت سے مدد لے۔ اگر ہمارے مرشد پیر خادم رضوی نون لیگ کی خطائیں معاف کرنے پر رضامند ہو جائیں تو پھر ہی وہ پلٹی ہوئی اڑن ہانڈی سے بچ پائیں گے ورنہ ان کی بچت ممکن نہیں۔

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar