عمران خان کا بلوچستان کا پہلا دورہ: ’سیاسی جماعتیں صرف ووٹ لینے بلوچستان آتی ہیں‘


پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے بدعنوانی کو ایک بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے صوبہ بلوچستان کی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اس کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کرے۔

اقتدار میں آنے کے بعد اپنے بلوچستان کے پہلے دورے پر وزیر اعظم عمران خان نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں کابینہ کے اراکین، سیاسی اور قبائلی عمائدین سے ملاقاتیں کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چین نے بدعنوانی کے خلاف سخت اقدامات کیے جس کے باعث وہ تیزی کے ساتھ ترقی کر رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ پچھلے چند سال کے دوران چین میں چار سو سے زیادہ وزیروں کو پکڑا گیا اور ان کا احتساب کیا گیا، اسی طرح بڑی تعداد میں بیوروکریٹس کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔

عمران خان نے کہا کہ ’سیاسی جماعتیں صرف ووٹ لینے بلوچستان آتی ہیں، ہم کام کریں گے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ بدعنوانی کی وجہ سے پاکستان کے قرضے گذشتہ دس سال کے دوران چھ ہزار ارب سے بڑھ کر 28 ہزار ارب روپے تک پہنچ گئے۔

وزیرِ اعظم نے بلوچستان حکومت پر زور دیا کہ وہ بدعنوانی کے خلاف محکمۂ انسداد بدعنوانی کو مضبوط کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر بدعنوانی کے خلاف سخت اقدامات نہ کیے گئے تو وسائل یہاں کے لوگوں پر خرچ ہونے کی بجائے دبئی اور دیگر ممالک منتقل ہو جائیں گے۔

عمران خان نے بلوچستان حکومت کو مالی بحران سمیت دیگر مسائل سے نکالنے کے لیے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

قبل ازیں جب عمران خان وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے دورے پر کوئٹہ پہنچے تو وہ پہلے ایئرپورٹ سے فوج کے جنوبی کمان کے ہیڈکوارٹرز گئے۔

وزیر اعظم کو اس موقعے پر بلوچستان میں امن و امان، افغانستان کے سرحد پر باڑ لگانے اور سی پیک کے منصوبوں کی سکیورٹی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

اس بریفنگ میں فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ بھی موجود تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بریفنگ کے موقع پر فوج کے سربراہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں استحکام کے بعد ان کی توجہ بلوچستان پر ہے جو پاکستان کا معاشی مستقبل ہے۔

وزیر اعظم نے بلوچستان میں امن و امان کی بہتری اور لوگوں کی معاشی ترقی کے لیے سکیورٹی اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32287 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp