دبئی ٹیسٹ میں پاکستان کی گرفت مضبوط


حفیظ

دوسری اننگز میں پہلے محمد حفیظ اور اس کے بعد نائٹ واچ مین بلال آصف یکے بعد دیگرے پویلین واپس لوٹ گئے

دبئی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے چوتھے دن پاکستان کی دوسری اننگز جاری ہے۔

اس وقت کریز پر امام الحق اور اسد شفیق موجود ہیں اور پاکستان نے اب سے کچھ دیر پہلے تک تین وکٹوں کے نقصان پر 45 رنز بنائے تھے۔

میچ کا تازہ ترین سکور کارڈ

اس سے قبل میچ کے تیسرے دن کے اختتام تک پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 45 رنز بنائے تھے۔

پاکستان نے جب دوسری اننگز شروع کی تو پہلی وکٹ کے لیے محمد حفیظ اور امام الحق نے 37 رنز کی شراکت جوڑی اور اس موقع پر لگ رہا تھا کہ شاید دن کے اختتام تک پاکستانی اوپنرز ساتھ رہیں گے لیکن پھر پچ کی اونچ نیچ نے بیٹنگ کی دشواری واضح کی اور پہلے محمد حفیظ اور اس کے بعد نائٹ واچ مین بلال آصف یکے بعد دیگرے پویلین واپس لوٹ گئے۔

دن ختم ہونے میں چار اوورز قبل اظہر علی بیٹنگ کے لیے آئے تو پاکستان کی کوشش تھی کہ مزید وکٹیں نہ گریں لیکن سپنر جان ہالینڈ کی گیند پر اظہر علی چار رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جس کے بعد دن کا کھیل ختم ہو گیا۔

اس سے قبل پاکستان کی پہلی اننگز کے سکور 482 کے جواب میں آسٹریلیا نے بہترین آغاز کیا اور پہلی وکٹ پر 142 رنز کی شراکت جوڑی لیکن اس کے بعد محمد عباس اور بلال آصف نے تباہ کن کارکردگی دکھاتے ہوئے صرف 60 رنز عوض آسٹریلیا کی پوری ٹیم کو 202 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔

اپنا پہلا میچ کھیلنے والے آف سپنر بلال آصف نے انتہائی عمدہ بولنگ کرتے ہوئے چھ جبکہ محمد عباس نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

یہ بھی پڑھیے

دبئی ٹیسٹ: دوسرے دن کا کھیل، پاکستان کی برتری 452

دبئی: پہلے دن کا کھیل پاکستانی بلے بازوں کے نام

’دبئی میں ٹیسٹ جیتنا کوئی آسان کام ہے؟‘

آسٹریلیا کی جانب سے ڈیبو کرنے والے آرون فنچ نے 62 رنز اور ان کے ساتھی اوپنر عثمان خواجہ نے 85 رنز بنائے لیکن دیگر تمام بلے باز مکمل طور پر ناکام رہے اور پاکستان کو 280 رنز کی سبقت دے بیٹھے۔

پاکستان کے 33 سالہ آف سپنر بلال آصف کی ٹیم میں شمولیت پر کئی لوگوں نے سوالات اٹھائے تھے لیکن انھوں نے کھانے کے وقفے کے بعد شاندار بولنگ کرتے ہوئے آسٹریلوی بلے بازوں کو تگنی کا ناچ نچا دیا اور شاہد آفریدی کے بعد پاکستان کی جانب سے پہلے سپنر بن گئے جنھوں نے اپنے ڈیبو پر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

ایرون فنج

آرون فنچ محدود اوورز کی کرکٹ میں آسٹریلوی ٹیم کے رکن رہے ہیں لیکن یہ ان کا پہلا ٹیسٹ میچ ہے

یاد رہے کہ لیگ سپنر شاہد آفریدی نے 20 قبل کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں آسٹریلیا کے ہی خلاف اپنے پہلے میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

اس میچ میں پاکستان کی پہلی اننگز 482 رنز پر مکمل ہوئی تھی۔ اس اننگز میں دو بلے بازوں نے سنچریاں اور دو نے ہی نصف سنچریاں بنائیں۔ پاکستان کی جانب سے ٹاپ سکورر محمد حفیظ رہے جنھوں نے 126 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی سنچری بنانے والے حارث سہیل 110 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

نصف سنچریاں بنانے والے بلے بازوں میں اوپنر امام الحق کے علاوہ اسد شفیق شامل تھے جنھوں نے بالترتیب 76 اور 80 رنز کی اننگز کھیلیں۔

پاکستان کی جانب سے اس میچ میں بلال آصف کو ڈیبو کروایا گیا ہے جبکہ آسٹریلیا کی جانب سے تین کھلاڑیوں نے اپنا ڈیبو کیا ہے۔

ان میں ٹریوس ہیڈ اور آرون فنچ محدود اوورز کی کرکٹ میں آسٹریلوی ٹیم کے رکن رہے ہیں جبکہ آل راؤنڈر مارنس لابوس چین بین الاقوامی کرکٹ میں پہلی دفعہ آسٹریلیا کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

بی بی سی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32472 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp