سپاس نامہ بحضور پھوٹو شاہ چیف منسٹر کوہ قاف


محترم پھوٹو شاہ چیف منسٹر کوہ قاف کے آنے پر پیش کیا گیا سپاس نامہ رئیس انب خان کی طرف سے۔
عزت مآب جناب چیف منسٹر پھوٹو شاہ اور آئے ہوئے باقی الٹے سیدھے مہمان اسلام علیکم۔

میں اپنے علاقے کی عوام کی طرف سے آپ کو خوش آمدید نہیں کہہ سکتا کیوں کہ یہ لفظ میرے دماغ میں فیڈ نہیں کیا گیا۔ شکر گزار بھی نہیں ہوسکتا کہ یہ فائل بھی کرپٹ ہوگئی ہے۔
امید ہے نیا دماغ انسٹال کرکے یہ کمی دور کی جائے گی۔ جناب چیف منسٹرصاحب آپ نے اپنے قیمتی وقت سے جو گھڑیاں ہمیں دی ہیں وہ صحیح نہیں چل رہی ہیں۔ امید آئندہ خیال رکھا جائے گا۔
محترم جناب ہمارے علاقے کی معاشی اور سیاسی صورت تحال بہترین جارہی ہے۔ مہربانی فرماکر نوکریاں دینے کا اعلان کیا جائے تاکہ نوجوانوں کی زندگی کے کچھ اور سلسلے بھی چل نکلیں۔

اس بارے میں ایک اچھا مشورہ تو یہی ہے کہ روز ایک نیا ضلع بنانے کا اعلان کیا جائے تاکہ ہزاروں سینکڑوں نوکریاں دوسری نوکریوں کو جنم دیں گی۔ نوکریوں کے اشتہار اخباروں میں دیے جائیں۔
درخواست فارم کی قیمت اتنی رکھی جائے جس سے نیا ضلع آرام سے چلایا جاسکے۔ یہ پیسے قومی خزانے کو بھی طاقتور بنادیں گے۔

دوسرا فائدہ یہ ہوگا کہ بیروزگار فارم جمع کراتے کرتے بہت ہی مقروض ہوجائیں گے، نتیجے کے طور پر بڑے پیمانے پر خودکشیاں ہوں گی اور ملک کا بہت بڑا مسئلہ بڑھتی آبادی ہے۔
اس میں خود کار نظام کے تحت توازن پیدا ہوجائے گا۔ بے روزگار کے ختم ہوتے ہی بیروز گاری بھی ختم ہوجائے گی۔

جناب ہمارے علاقے کا ایک بہت بڑا مسئلہ ہے اسکول عمارتیں، یہ اصل میں چھوٹی بنائی گئی ہیں جہاں گندم کے موسم میں گندم تو پھٹی کے موسم میں پھٹی رکھنے کی بہت ہی کم گنجائش ہوتی ہے۔
ایک عرض یہ بھی ہے کہ علاقے کی بچیاں جس درخت کے نیچے تعلیم حاصل کرتی ہیں وہ سارے فوری کٹوائے جائیں یہ بچیاں بڑی ہوکر حقوق اور آ زادی کے نعرے لگاتی ہیں جس سے معاشرے میں الجھن سی پیدا ہوجاتی ہے۔

آخر میں مہمان گرامی اور دوسرے مہمانوں کا شکر گزار نہیں ہوسکتا کہ آپ حضرات اپنے بوٹوں میں کیچڑ بھر کے لائے ہیں جس سے ہمارا قالین خراب ہوا ہے۔
منجانب
رئیس انب خان


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).