آئی جی پنجاب طاہر خان کو عمران خان کا حکم نہ ماننے پر ہٹایا گیا


سابق آئی جی اسلام آباد پولیس طاہر عالم خان کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب محمد طاہر کو اس لیے تبدیل کیا گیا ہے کیونکہ انہوں نے سانحہ ماڈل ٹاﺅن میں ملوث افسران کو برطرف کرنے کی بجائے تبادلے کرکے دوسرے عہدوں پر تعینات کردیا تھا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق آئی جی اسلام آباد پولیس طاہر عالم خان نے کہا کہ آئی جی پنجاب محمد طاہر تقرری اور تبادلوں میں ناصر درانی سے مشاورت کیا کرتے تھے تاہم وزیر اعلیٰ کو ارکان اسمبلی کی جانب سے پولیس کے خلاف مسلسل شکایات مل رہی تھیں۔

طاہر عالم خان نے کہا کہ حکومت اور آئی جی میں سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے حوالے سے اختلاف پیدا ہوا۔ وزیراعظم چاہتے تھے کہ جو افسران سانحہ ماڈل ٹاﺅن میں ملوث تھے انہیں عہدوں سے ہٹا کر ان کے خلاف کارروائی کی جائے لیکن آئی جی محمد طاہر نے ایکشن نہیں لیا بلکہ فیلڈ سے ہٹا کر انہیں دوسری جگہوں پر تعینات کردیا۔

طاہر عالم خان کا مزید کہنا تھا کہ امن و امان ایک صوبائی معاملہ ہے اور اگر اس میں کوئی خرابی پیدا ہوتی ہے تو اس کی باز پرس صوبائی حکومت اور وزیر اعلیٰ سے ہوتی ہے اس لیے جب جوابدہ وزیراعلیٰ ہے تو آئی جی کی تعیناتی کا اختیار بھی وفاقی کی بجائے صوبائی حکومت کے پاس ہونا چاہیے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).