کیا جِن بوتل سے باہر آچکا ہے؟


می ٹو

شاید ہی کچھ لوگوں نے تصور کیا ہوگا کہ ہیش ٹیگ می ٹو ( #MeToo) تحریک بالی وڈ میں بوتل سے نکلنے والے اس جِن کی شکل اختیار کر لے گی جسے کنٹرول کرنا مشکل ہوتا جائے گا۔

اسی لیے ابتدا میں غالباً بڑے ستاروں نے اس بارے میں کچھ بھی کہنے سے گریز کیا۔ لیکن اس ہفتے جب اس پِنڈورا باکس سے بڑے بڑے نام نکلنے شروع ہوئے،اور نہ جانے اور کتنے بڑے نام باہر آئیں گے، تو لوگوں کو اس کی سنگینی کا احساس ہوا۔

اداکار آلوک ناتھ، رجت کپور، نانا پاٹیکر کے ساتھ ہدایت کار وکاس بہل، سدھارتھ کپور، گنیش آچاریہ، پیوش مشرا کے بعد پروڈیوسر کریم مورانی ،سبھاش گھئی اور ساجد خان جیسے بڑے ناموں نے انڈسٹری کو ہلا کر رکھ دیا۔

یہ بھی پڑھیے

انڈیا: جنسی ہراس سے جڑے بڑے ناموں کے انکشاف کا سلسلہ جاری

‘میرے ساتھ جنسی زیادتی ہوئی ہے’ کیا یہ کہنا آسان ہے؟

اس کے بعد عامر خان نے پہل کرتے ہوئے ڈائریکٹر سبھاش کپور کی فلم سے علیحدہ ہونے کا اعلان کر دیا۔ عامر خان گلشن کمار کی پائو پک میں سبھاش کپور کے ساتھ کام کرنے والے تھے۔

دوسری جانب ساجد خان کے خلاف سنگین الزامات کے بعد اکشے کمار نے انکی فلم ہاوس فل فور کی شوٹنگ روکنے کا مطالبہ کر ڈالا اور ساجد خان کو یہ فلم چھوڑنی پڑی۔

فرح خان

ساجد خان کی بہن اور ہدایت کار فرح خان جو ہر موقعے پر اپنے بھائی کی ڈھال بن کر کھڑی ہو جاتی تھیں اس بار اپنے بھائی کے سامنے کھڑی نظر آئیں ٹوئٹر پر انھوں نے لکھا کہ یہ انکے کنبے کے لیے مشکل وقت ہے اور ساجد کے خلاف الزامات ثابت ہوئے تو انکے بھائی کو پچھتانا ہوگا۔

فرح نے لکھا کہ وہ اس تحریک میں شامل خواتین کے ساتھ کھڑی ہیں اورکسی بھی لڑکی کے ساتھ زیادتی کے خلاف ہیں۔ ساجد خان نے ایک بیان میں ہاؤس فل فور سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان الزامات کو غلط ثابت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے

بالی وڈ میں جنسی ہراس حقیقت کیوں ہے؟

جنسی ہراس پر خاتون صحافیوں کی بے خوف آوازیں

خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کی جانب سے رابطہ کیے جانے پر ہدایت کار سبھاش گھئی نے خود پر ریپ کے الزامات کو غلط قرار دیتے ہوئے قانونی کارروائی کی دھمکی دی ہے۔

ادھر کنگنا رناوت جو اپنی فلم ‘منی کارنیکا’ کی ریلیز کے موقعے پر اب پروموشن شروع کرنے والی ہیں اس بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتی نظر آئیں اور اپنے سابق دوست رتک روشن کو نشانے بناتے ہوئے کہہ بیٹھیں کہ انڈسٹری کی کچھ شخصیات اپنی بیویوں کو ٹرافی جبکہ دوسری لڑکیوں کو داشتہ بنا کر رکھنا چاہتے ہیں۔

کنگنا کا یہ وار خالی جاتا ہے یا پھر رتک روشن بھی کوئی جوابی کارروائی کرتے ہیں یہ ابھی دیکھنا باقی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp