پاکستانی گلوکار فخر عالم کا بچپن کا خواب،ہوائی جہاز پر دنیا کا چکر لگانے کے مشن پر


پاکستانی اداکار، گلوکار، میزبان اور اب ہواباز فخر عالم دنیا کا چکر 28 دنوں میں مکمل کرنے کے سفر پر نکلے ہیں۔ منگل کو وہ اپنے سفر کی 12ویں منزل پر کراچی پہنچیں گے جس کے بعد وہ اسلام آباد اور لاہور بھی جائیں گے۔

ان دنوں وہ ایک انجن والا طیارہ لیے دنیا کے مختلف شہروں سے ہوتے دبئی پہنچے ہیں۔ فخر عالم نے یہ سفر امریکی ریاست فلوریڈا کے کلیئر واٹر ایئر پارک سے شروع کیا جس کے بعد وہ نیو ہیمپشائر، نیو فاؤنڈ لینڈ کینیڈا، گرین لینڈ، آئس لینڈ، لندن، کروشیا، مصر کے دارالحکومت قاہرہ اور بحرین کے دارالحکومت مناما سے ہوتے دبئی پہنچے ہیں۔

فخر عالم کی اگلی منزل کراچی، اسلام آباد اور لاہور ہو گی جس کے بعد ڈھاکہ، بنکاک، سنگاپور، انڈونیشیا سے ہوتے ہوئے آسٹریلیا پہنچیں گے۔

فخر عالم نے اس سفر کو شروع کرنے سے قبل اپنی تصاویر شیئر کیں اور بتایا کہ کیسے اُن کا بچپن سے خواب تھا کہ وہ فضائیہ میں پائلٹ بنیں مگر یہ اُن کی قسمت میں نہیں تھا۔ اب 25 سال بعد ان کا یہ خواب پورا ہو رہا ہے۔

فخرعالم اس سفر کے لیے سوئس طیارہ ساز کمپنی سائرس کا بنایا ہوا ایک انجن والا طیارہ پلاٹس استعمال کر رہے ہیں۔

فخرِ عالم کے پاس ہوابازی کا انتہائی کم تجربہ ہے یعنی ان کے فلائنگ آورز یا اب تک اڑان کا ریکارڈ سو گھنٹے سے بھی کم ہے جس کی وجہ سے انہیں کوئی طیارہ فراہم کرنے کو تیار نہیں تھا اور جب طیارہ ملتا تو انشورنس کے مسائل رکاوٹ بن جاتے۔

بلآخر انہیں فلوریڈا میں موجود ایک طیارہ ملا جس کے بعد اس سفر کی باقاعدہ منصوبہ بندی شروع ہوئی اور انہوں نے 10 اکتوبر کو اپنے سفر کا آغاز کیا۔

اس سفر میں ان کے ساتھ دو اور مسافر بھیں ہیں اس سفر میں جن میں ٹیمپا بے ایوی ایشن کے چیف پائلٹ اور مینیجنگ ڈائریکٹر جوشوا بریکن اور کرٹ روئے شامل ہیں۔

اس سفر کے دوران فخرِ عالم ٹوئٹر پر مسلسل اپ ڈیٹس دے رہے ہیں اور ویڈیوز اور تصاویر کی مدد سے بتا رہے ہیں کہ ان کا یہ سفر کیسا جا رہا ہے۔

انہوں نے گوز بے کینیڈا سے نکلتے وقت کہا کہ آگے ان کے سفر کا مشکل مرحلہ ہے جس میں وہ بحر اوقیانوس کو عبور کریں گے۔ اس سفر میں وہ گرین لینڈ، آئس لینڈ اور گلاسگو میں رکنے کے بعد لندن پہنچیں گے۔

اس دوران انہیں اداکار عدنان صدیقی اور صنم سعید نے ٹویٹس کے ذریعے ان کے ساتھ اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

لندن سے نکلنے کے بعد انھوں نے ڈبروونک کروشیا میں رکنا تھا جہاں اُن کی پرواز تاخیر سے پہنچی مگر ان کے ایجنٹ نے جب بتایا کہ وہ دنیا کا گرد چکر لگا رہے ہیں تو انہوں نے عملے کے چند اراکین کو روک کر ان کا انتظار کیا۔

قاہرہ کے ہوائی اڈے پر ان کا ایندھن لانے والا ٹرک تاخیر سے پہنچا جس پر ان کے ساتھی ہوائی اڈے پر انتظار کرتے رہے۔

فخرِ عالم کے اس تاریخی سفر پر آپ ان کی ویب سائٹ پر یا ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے نظر رکھ سکتے ہیں۔

۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp