خاشقجی قتل کیس: ’ملزمان کے خلاف مقدمہ سعودی عرب میں چلایا جا گا‘


سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ سعودی عرب میں ہی چلایا جائے گا۔

بحرین میں ایک کانفرسنں میں خطاب کرتے ہوئے عادل الجُبیر نے اس معاملے میں مغربی میڈیا پر ’ہیجان‘ برپا کرنے کا الزام لگایا ہے۔

ان کا یہ بیان ترکی کی جانب سے اس بیان کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے جس میں ترکی کا کہنا تھا کہ وہ چاہتا ہے کہ اس قتل میں ملوث اٹھارہ سعودی شہریوں کو اس کے حوالے کیا جانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیے

لاپتہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کون تھے؟

جمال خاشقجی: مبینہ سعودی ’ہٹ سکواڈ‘ میں کون کون شامل تھا؟

کیا اردوغان سعودی ولی عہد کی برطرفی چاہتے ہیں؟

سعودی صحافی کو تین ہفتے قبل استنبول میں سعودی قونصل خانے میں قتل کر دیا گیا تھا۔

ریاض اس قتل میں شاہی خاندان کے ملوث ہونے سے انکار کرتا ہے اور کہتا ہے کہ اس میں ‘خودسر ایجنٹ’ ملوث ہیں۔

عادل الجُبیر نے بحرین میں سکیورٹی کانفرنس میں کہا کہ ‘جہاں تک ملزمان کی حوالگی کی بات ہے تو وہ سعودی شہری ہیں، وہ سعودی عرب میں حراست میں ہیں، تحقیق اور ان کے خلاف مقدمہ بھی سعودی عرب میں ہی چلایا جائے گا۔’

ترکی اور سعودی عرب میں ملزمان کی حوالگی کا کوئی معاہدہ نہیں ہے۔

امریکی سیکریٹری دفاع کا کہنا ہے کہ صحافی خاشقجی کے قتل سے خطے میں ایک ایسے وقت پر استحکام کو خطرہ ہو سکتا ہے جب اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔’

خاشقجی کی منگیتر کیا کہتی ہیں؟

خاشقجی کی منگیتر نے وائٹ ہاؤس مدعو کیے جانے کے باوجود یہ کہہ کر انکار کر دیا ہے کہ صدر ٹرمپ اس قتل کی تحقیقات میں سنجیدہ نہیں ہیں۔

ترک ٹی وی سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں اس دعوت نامے کا مقصد امریکہ میں رائے عامہ پر اثر انداز ہونا تھا۔

جمعے کو ایک ٹی وی انٹرویو میں نم آنکھوں کے ساتھ انھوں نے اس دن کو یاد کیا جب ان کے منگیتر غائب ہوگئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کے علم میں ہوتا کہ ‘سعودی انھیں قتل کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں’ تو وہ انھیں کبھی بھی قونصل خانے میں جانے نہیں دیتیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32545 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp