نئی فلم ’جراسک ورلڈ: ڈومینین‘ کی ریلیز بھی ایک سال تاخیر کا شکار


جراسک پارک سیریز کی اب تک ریلیز ہونے والی پانچ فلمیں باکس آفس پر لگ بھگ پانچ ارب ڈالرز کا بزنس کر چکی ہیں۔

کرونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث متعدد بڑے فلم ساز اداروں کی فلموں کی ریلیز تاخیر کا شکار ہوگئی ہے۔ ان فلموں کی فہرست میں اب ‘جراسک ورلڈ’ کے سیکوئل کا بھی اضافہ ہو گیا ہے۔

فلم ساز ادارے ‘یونیورسل پکچرز’ نے اعلان کیا ہے کہ فلم ‘جراسک ورلڈ: ڈومینین’ جو 11 جون 2021 کو ریلیز ہونی تھی، اب ایک سال کی تاخیر سے 10 جون 2022 کو پیش کی جائے گی۔

ہالی وڈ کی چند بڑی فرنچائزز میں شامل ‘جراسک پارک’ کی اس نئی فلم کی ریلیز میں تاخیر کرونا وائرس کے باعث ملتوی ہونے والی فلموں میں ایک نیا اضافہ ہے۔

ہالی وڈ کے متعدد اسٹوڈیوز عالمی وبا کی وجہ سے رواں سال مارچ سے جاری سینما گھروں کی بندش سے ہونے والے نقصان سے سنبھلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

کچھ ملکوں میں شائقین کی سینما گھروں میں واپسی تو ہوئی ہے لیکن فلم بینوں کی سب سے بڑی مارکیٹ امریکہ میں ابھی تک سنیما انڈسٹری کی بحالی سست رفتاری کا شکار ہے۔

دنیا کی دوسری بڑی سنیما چین کی مالک کمپنی ‘سنے ورلڈ’ نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ وہ امریکہ میں اگست میں کھلنے والے اپنے سنیما ہالز دوبارہ بند کر رہی ہے۔ فلم بینوں کی تعداد کے اعتبار سے امریکہ کے دو بڑے شہروں نیویارک اور لاس اینجلس میں بھی سینما گھر تا حال بند ہیں۔

‘جراسک ورلڈ: ڈومینیین’ میں بھی مرکزی کردار کرس پریٹ اور برائس ڈیلس ہاورڈ نے ادا کیے ہیں۔ یہ فلم 1993 میں منظرِ عام پر آنے والی بلاک بسٹر فلم ‘جراسک پارک’ فرنچائز کی چھٹی فلم ہے۔

ڈائنوسارز کی واپسی پر بنی اس سیریز کو یونیورسل پکچرز کا تاج کہا جاتا ہے۔ اب تک ریلیز ہونے والی پانچ فلمیں باکس آفس پر لگ بھگ پانچ ارب ڈالرز کا بزنس کر چکی ہیں۔

سیریز کی 2018 میں ریلیز ہونے والی پانچویں فلم ‘جراسک ورلڈ: فالن کنگڈم’ نے دنیا بھر میں ایک ارب 30 کروڑ ڈالرز کا بزنس کیا تھا۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa