انڈیا: بچی کے منہ میں سلگتا ہوا پٹاخہ رکھ دیا، بچی شدید زخمی


کیا کوئی منہ میں رکھ کر پٹاخہ جلانے کی سوچ سکتا ہے؟ وہ بھی ایک معصوم سی بچی کو چاکلیٹ کا جھانسا دے کر؟

عموماً تو بڑے بچوں کو پٹاخوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا جاتا ہے لیکن انڈیا کے ضلعے میرٹھ کے سردھنا علاقے کے ملک گاؤں میں ایک ایسا معاملہ سامنے آیا ہے جس پر یقین کرنا مشکل ہے۔

یہاں ایک ادھیڑ عمر کے شخص نے ایک بچی کو چاکلیٹ کا جھانسا دے کر اس کے منہ میں سلگتا ہوا پٹاخہ رکھ دیا۔ پٹاخہ سلگ رہا تھا اور منہ میں رکھنے کے کچھ دیر بعد ہی پھٹ گیا۔

منہ میں پٹاخہ پھٹنے سے بچی کا منہ بری طرح جل گئی۔ اس کی نازُک حالت کو دیکھتے ہوئے اسے نرسنگ ہوم میں داخل کرا دیا گیا ہے۔

پولیس نے اس معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے خلاف اقدامِ قتل کے تحت معاملے درج کیا ہے۔

کب اور کیسے ہوا یہ حادثہ

حادثے میں بری طرح زخمی ہونے والی بچی آرُشی کی ماں جیوتی کہتی ہیں، ’دیوالی سے ایک دن پہلے دھنتیرس کے موقعے پر بچے گھر کے باہر کھیل رہے تھے۔ اچانک سے آرُشی کے چیخنے کی آوازیں آنے لگیں۔ میں نے جاکر دیکھا تو آرُشی کا منہ پھٹا ہوا تھا۔ اس کے منہ سے خون بہہ رہا تھا۔‘

جیوتی بتاتی ہیں کہ پہلے تو انہیں کچھ سمجھ نہیں آیا لیکن جب انہوں نے وہاں موجود دوسرے بچوں سے پوچھا تو انہوں نے ساری بات بتائی۔

بچوں نے تایا کہ ’گاؤں کے ہرِیا نے آرُشی کو چاکلیٹ کھلانے کے بہانے اس کے منہ میں سلگتا ہوا پٹاخہ رکھ دیا، جو منہ میں ہی پھٹ گیا۔‘

کچھ ہی دیر میں حادثے کی اطلاع پورے گاؤں میں پھیل گئی اور درجنوں کی تعداد میں لوگ وہاں پہنچ گئے۔

آرُشی کے والد شیشپال نے کہا ’میری بیٹی کچھ بول نہیں پا رہی۔ جب ہم نے اسے دیکھا تو اسکے منہ سے خون نکل رہا تھا۔ ہمیں کچھ بھی سمجھ نہیں آیا۔ ہرِیا نے ایسا کیوں کیا ہمیں نہیں پتہ۔ ہماری اس سے کوئی دشمنی بھی نہیں ہے۔ لیکن اتنا تو طے ہے کہ ہرِیا نے میری بیٹی کو جان سے مارنے کی کوشش کی ہے۔‘

معصوم کے منہ میں چاکلیٹ کے بہانے پٹاخہ رکھنے کی بات کو سردھنا کے تھانہ دار مشکوک مان رہے ہیں۔

ایس او پرشانت کپِل کہتے ہیں، ’بچی کو پٹاخے سے چوٹ لگی ہے، یہ بات تو سچ ہے لیکن چاکلیٹ کے بہانے پٹاخہ اس کے منہ میں رکھا گیا اس بات کی تفتیش ہوگی۔ ملزم ہرِیا کے خلاف جان سے مارنے کی کوشش کے تحت رپورٹ درج کر لی گئی ہے۔ اس کی تلاش جاری ہے۔‘

بچی کے منہ میں ہی چھوڑا گیا پٹاخہ

آرُشی زخمی حالت میں ایک ہسپتال میں داخل ہے۔ وہ نہ تو کچھ بول پا رہی ہے اور نہ ہی کھا پا رہی ہے۔

آرُشی کے منہ میں ہی پٹاخہ رکھ کر چھوڑا گیا، اس بات کی تصدیق ڈاکٹر سنیل تیاگی نے کی ہے۔

سُنیل تیاگی کہتے ہیں، ’جس طرح آرُشی کے منہ میں چوٹ آئی ہے اسے دیکھ کر یہی لگتا ہے کہ اس کے منہ میں ہی پٹاخہ رکھ کر چھوڑا گیا ہے۔ پٹاخے کے اندر کا مواد بھی شاید بچی کے اندر ہی ہے۔ اس کے منہ میں کئی ٹانکے لگانے پڑے ہیں۔ بچی پر ہر لمحہ نگاہ رکھی جا رہی ہے۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp