یو ٹیوب سٹار ’سپر وومن‘ للی سنگھ کی جانب سے عارضی وقفے کا اعلان، ’میں تھک گئی ہوں‘


للی

یو ٹیوب پر ویڈیو بنانے سے شہرت پانے والی للی سنگھ نے اعلان کیا ہے کہ وہ آٹھ سال مسلسل یو ٹیوب پر ویڈیوز بنانے کے بعد اپنی ذہنی صحت کی خاطر کچھ عرصے کے لیے وقفہ لے رہی ہیں۔

کینیڈا سے تعلق رکھنے والی للی سنگھ نے اپنے شائقین سے وعدہ کیا ہے کہ وہ وقفہ لینے کے بعد ‘بہتر صحت اور زیادہ خوشی’ کے ساتھ واپس آئیں گی۔

پیر کو اپنی ویڈیو میں انھوں نے کہا کہ ‘میں ذہنی، جسمانی، جذباتی اور روحانی طور پر مکمل طور پر تھک گئی ہوں۔’

انھوں نے مزید کہا کہ 2010 سے مسلسل ویڈیوز بنانے کے بعد وہ مکمل طور پر توانائی کھو چکی ہیں۔

یو ٹیوب پر اپنے نک نیم ’سپر وومن‘ کے نام سے معروف اور تقریباً ڈیڑھ کروڑ فالوؤرز رکھنے والی للی سنگھ یو ٹیوب کی معروف ترین اور کامیاب ترین سیلبریٹیز میں سے ایک ہیں۔

انھوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں وہ اپنی بنائی ہوئی ویڈیوز کے معیار سے خوش نہیں ہیں اور ان کو بہتر مواد تیار کرنے کے لیے کچھ وقت چاہیے تاکہ وہ فیصلہ کر سکیں کہ وہ کیسی ویڈیوز بنانا چاہتی ہیں۔

‘یو ٹیوب کی یہ بات ہے کہ وہ ایک مشین کی مانند ہے اور اس میں ویڈیو بنانے والوں کو لگتا ہے کہ انھیں مسلسل کچھ نہ کچھ تیار کر کے وہاں شائع کرنا ہوتا ہے، بھلے سے اس سے ہماری صحت، ہماری زندگی اور ذہنی خوشی کتنی ہی متاثر کیوں نہ ہو رہی ہو۔’

للی

للی سنگھ نے وضاحت کی کہ وہ یو ٹیب چھوڑ نہیں رہیں لیکن یقین سے نہیں کہہ سکتیں کہ واپس کب آئیں گی۔

‘میں کوئی یقینی طور پر بات نہیں کر سکتی۔ ہو سکتا ہے کہ یہ ایک ہفتے کا وقفہ ہو، ہو سکتا ہے کہ یہ ایک مہینے پر محیط ہو۔ مجھے ابھی نہیں علم۔’

للی سنگھ کون ہیں؟

30 سالہ کامیڈین للی سنگھ نے اپنا یو ٹیوب چینل 2010 میں شروع کیا تھا۔ پہلے پہل ان کا بنایا ہوا مواد زیادہ تر انڈین ورثے کے بارے تھا لیکن بعد میں انھوں نے اسے پھیلانا شروع کیا۔

تین سال کے عرصے میں ان کی مقبولیت کافی بڑھ گئی اور ان کے شائقین میں خاص طور پر انگلینڈ، آسٹریلیا، امریکہ اور کینیڈا میں رہنے والی نوجوان جنوبی ایشیائی نژاد لڑکیاں تھیں۔

فوربز میگزین کے مطابق 2016 میں للی سنگھ نے یو ٹیوب پر 70 لاکھ ڈالر سے زیادہ رقم کمائی جس سے وہ تیسری سب سے زیادہ رقم کمانے والی سیلیبریٹی بن گئیں۔

اس مقبولیت کے بعد للی سنگھ کا کرئیر یو ٹیوب سے بڑھ چکا ہے اور گذشتہ سال انھوں نے اپنی مدد آپ کے موضوع پر ایک کتاب بھی لکھی۔ اس کے علاوہ للی سنگھ نے ایک فلم بھی بنائی اور خیراتی کاموں میں بھی حصہ لیا۔

للی سنگھ سے سپر وومن تک کا سفر

2017 میں اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے خواتین کے لیے ویڈیوز بنانے اور انھیں متاثر کرنے کے باعث مقبولیت حاصل کرنے پر للی سنگھ کو ’گُڈ وِل ایمبیسڈر‘ یا خیرسگالی کا سفیر مقرر کیا۔

2010 سے اپنا ویڈیو کا سفر شروع کرنے والی للی سنگھ نے دو سال قبل بھی اپنی فلم ‘اے ٹرپ ٹو یونی کورن آئی لینڈ’ جاری ہونے کے بعد بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ فلم بنانے کے مختلف مراحل کے دوران ان کو بہت تھکن ہوئی تھی۔

‘کئی بار ایسے مواقع آئے جب میں بہت تھک گئی تھی اور نہیں چاہتی تھی کہ کوئی کیمرا میری طرف ہو۔’

للی نے فلمبندی کے دوران ہونے والی تجربات کے بارے میں بی بی سی کو 2016 میں دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ‘یہ میرے لیے بہت جذباتی تجربہ تھا۔’

للی سنگھ نے اپنی فلم کو اپنے ڈیپریشن سے نپٹنے کے لیے استعمال کیا اور وہ کہتی ہیں کہ یو ٹیوب پر ویڈیو شئیر کرنے سے انھیں اس مرض کا مقابلہ کرنے میں مدد ملی ہے۔

‘اس پلیٹ فارم کی وجہ سے ہی مجھے اپنی زندگی کے بہت مشکل دور سے گزرنے میں مدد ملی اور میں صحیح معنوں میں یو ٹیوب سے محبت کرتی ہوں۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32557 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp