ابو ظہبی ٹیسٹ میچ کا تیسرا دن، نیوزی لینڈ کی دوسری اننگز جاری


روال

ابو ظہبی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے آغاز پر نیوزی لینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 56 رنز سے اپنی اننگز دوبارہ شروع کی ہے۔

اس وقت کریز پر ولیمسن اور روال پر موجود ہیں اور اب سے کچھ دیر پہلے تک ایک وکٹ کے نقصان پر 75 رنز بنائے ہیں۔

سنیچر کو دوسرے دن کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 56 رنز بنائے تھے۔

سنیچر کو نیوزی لینڈ کو دوسری اننگز میں جلد ہی نقصان اٹھانا پڑا جب حسن علی نے لیتھم کو بولڈ کیا۔

پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ کے پہلی اننگز کے سکور 153 رنز کے جواب میں 227 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اس طرح پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ پر 74 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔

چائے کے وقفے تک پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 225 رنز بنائے تھے لیکن دن کے آخری سیشن کے آغاز میں ہی حسن علی چار اور بابر اعظم 62 کے سکور پر آؤٹ ہوگئے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

’سرفراز کے علاوہ کسی اور کی کپتانی کا سوچنا بھی نہیں چاہیے‘

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے چار، گرینڈہوم اور اعجاز پٹیل نے دو، دو جبکہ ویگنر اور ایش سودھی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

روال شاٹ لگا رہے ہیں

نیوزی لینڈ نے پہلی وکٹ کھونے کے بعد محتاط انداز میں کھیلنا شروع کیا

ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کے 59 رنز دو کھلاڑی آؤٹ کا دوبارہ آغاز کیا تو اس کی تیسری وکٹ 91 کے مجموعی سکور پر گری جب حارث سہیل 38 رنز بنا کر ایک غیر ذمہ دارانہ شاٹ کھیلتے ہوئے آؤٹ ہوئے۔ ایش سودھی کی گیند پر لیتھم نے مڈ وکٹ پر ان کا کیچ لیا۔

اس کے اگلے ہی اوور میں اظہر علی بھی 22 رنز بنا کر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے واٹلنگ کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔

کھانے کے وقفے کے بعد اسد شفیق 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انھیں بولٹ نے بولڈ کیا۔

اس کے اگلے ہی اوور میں اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے اعجاز پٹیل نے کپتان سرفراز احمد کو آؤٹ کر کے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی پہلی وکٹ حاصل کی۔

195 کے مجموعی سکور پر پاکستان کی چھٹی وکٹ گری جب بلال آصف اعجاز پٹیل کی گیند پر سٹمپڈ آؤٹ ہوئے، انھوں نے 11 رنز بنائے۔

یاسر شاہ نو رنز بنا کر وینگنر کا شکار بنے۔ یہ ان کی 50ویں ٹیسٹ وکٹ تھی۔

بابر

بابر اعظم 62 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز نیوزی لینڈ کی ٹیم 153 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی جبکہ پہلے دن کھیل کے اختتام تک پاکستان بھی 59 کے سکور پر اپنی دو وکٹیں گنوا چکا تھا۔

پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 27 رنز بنائے۔

پاکستان کے آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز امام الحق تھے وہ صرف چھ رنز بنا کر گرینڈ ہوم کی گیند پر ولیمسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

27 رنز کے مجموعی سکور پر پاکستان کی دوسری وکٹ اس وقت گری جب محمد حفیظ 20 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اس سے پہلے نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم پاکستان کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 153 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

بولٹ

ٹرینٹ بولٹ نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا

پاکستانی بولرز نے ٹیسٹ میچ کا اچھا آغاز کیا اور نیوزی لینڈ کے ٹاپ آرڈر کو کریز پر سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔

کین ولیمسن کے علاوہ نیوزی لینڈ کا کوئی بھی بیٹسمین پاکستانی بولنگ کو پراعتماد انداز میں نہ کھیل سکا۔ کین ولیمسن نے سب سے زیادہ 63 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کے پانچ بلے بازوں کا سکور دہرے ہندے میں نہ پہنچ سکا۔

پہلی اننگز میں پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے تین، محمد عباس، حسن علی، اور حارث سہیل نے دو، دو جبکہ بلال آصف نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی 20 اور تین ہی ایک روزہ میچوں کی سیریز بھی کھیلی گئی جس میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں تین صفر سے شکست دی جبکہ ون ڈے سیریز ایک، ایک میچ سے برابر رہی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp