شیخ حسینہ کی کہانی کو ’دُم‘ بنانے پر حامی ناراض


شیخ حسینہ

قانونی نوٹس میں سعد چوہدری نے اپنے آپ کو شیخ حسینہ کا زبردست حامی قرار دیا ہے

بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کے ایک حمایتی نے اس سینیما پر مقدمہ کرنے کی دھمکی دی جس میں اس کی رہنما کے بارے میں فلم کی نمائش جاری ہے۔

سوال یہ ہے آخر ایسا کیا ہو گیا کہ سینیما کے مالک کو مقدمے کی دھمکی ملی؟

دراصل سینیما میں شیخ حسینہ کے بارے میں دکھائی جانے والی فلم کے نام میں غلطی ہو گئی جس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ وزیراعظم کی ’دُم‘ ہے۔

دارالحکومت ڈھاکہ میں بلاک بسٹر نامی سینیما میں فلم ’حسینہ: اے ڈاٹرز ٹیل‘ (Hasina: A Daughter’s Tale) کی نمائش جاری ہے۔ لیکن تشہیری بورڈ پر ’ٹیل‘ کی املا غلط ہو گئی ہے اور انگریزی میں tale یعنی کہانی کی جگہ tail یعنی دم لکھا گیا۔

شیخ حسینہ کے حمایتی سعد چوہدری نے بلاک بسٹر سینیما سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غلطی ٹھیک کریں اور معافی مانگیں نہیں تو نو کروڑ ڈالر ہرجانے کا مقدمہ دائر کر دیا جائے گا۔

سعد چوہدری بنگلہ دیش عوامی برٹش لا سٹوڈنٹس یونین کے سابق جنرل سیکریٹری رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انھوں نے قانونی چارہ جوئی کی دھمکی جماعت کی طرف سے نہیں بلکہ ذاتی حیثیت میں دی ہے۔

سعد کے وکیل نوروز چوہدری کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد اس غلطی کو جلد سے جلد درست کرنا ہے۔

قانونی نوٹس میں سعد چوہدری نے اپنے آپ کو شیخ حسینہ کا زبردست حامی قرار دیا ہے۔

اس نوٹس کے بعد سینیما مالکان کی جانب سے فلم کی تشہیری مواد میں اس غلطی کی تصحیح بھی کر دی گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر یہ موضوع ٹرینڈ کر رہا ہے اور آرا بٹی ہوئی ہیں۔

فیس بک کے صارف مقبول حسین نے لکھا ’میں کیسے رد عمل کا اظہار کروں، ہنسوں یا آنسو بہاؤں؟ کہانی دم بن گئی جو کہ یقیناً ہتک آمیز ہے۔‘

ایک اور صارف ثقلین شمعون نے لکھا ’بھائی یہ محض املا کی غلطی ہے۔ لگتا ہے آپ ایک مچھر کو مارنے کے لیے توپوں کا استعمال کر رہے ہیں۔‘

’حسینہ: اے ڈاٹرز ٹیل‘ شیخ حسینہ کی کہانی ہے جو بنگلہ دیش کے پہلے صدر شیخ مجیب الرحمان کی بیٹی ہیں۔ اس فلم کو ڈھاکہ ٹریبیون اخبار نے دستاویزی ڈراما کہا ہے جس میں کہانی شیخ حسینہ کی بہن شیخ ریحانہ بیان کر رہی ہیں۔

اس فلم کے پریمیر کے بعد وزیر خزانہ عبدالمحیط نے ڈھاکہ ٹریبیون سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک شاندار فلم ہے اور انھوں نے اس فلم سے بہت کچھ نیا سیکھا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32545 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp