پاکستانی میڈیا میں روبوٹ اینکر کے 12 فوائد


چین نے حال ہی میں ایک روبوٹک اینکر سے خبریں پڑھوائی ہیں۔ بنانے والوں نے اس میں آرٹی فیشیل انٹیلی جنس یعنی مصنوعی ذہانت کوٹ کوٹ کر بھری ہے۔ ویسے تو ذہانت اپنے ہاں کے اینکرز کی بھی مصنوعی ہی ہے اور اکثر تو خبریں بھی روبوٹ کی طرح پڑھتے ہیں۔ لیکن اس کے باوجود یہ چینی روبوٹک اینکر پاکستانی مارکیٹ میں آ گیا تو اس کے کئی دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔

سب سے پہلے تو پاکستانی نیوز پروڈیوسرز کے سر کے درد ختم ہو جائیں گے۔ یہ سر درد دو وجہ سے ہوتا ہے۔ ایک تو اپنے اینکروں کی پڑھی خبریں سن کر ہوتا ہے، دوسرا جب یہ خبریں سننے کے بعد پروڈیوسر اپنا سر زور زور سے دیوار سے مارتا ہے اور نوبت مرہم پٹی تک جا پہنچتی ہے (پروڈیوسر کی) تو بھی درد ہوتا ہے۔ روبوٹک اینکر آنے کے بعد یہ سر دردی ختم ہو جائے گی۔

فائدہ نمبر دو: روبوٹک اینکر میں مصنوعی ذہانت تو بھری ہے ہی، اسے گوگل سے بھی منسلک کر دیا جائے گا۔ لہذا وہ گوگل کی مدد سے مشکل الفاظ کا درست تلفظ خود ہی معلوم کر لیا کرے گا۔ (فی الحال اینکر حضرات پروڈیوسر سے تلفظ پوچھتے ہیں جس غریب کو خود بھی نہیں پتہ ہوتا)

فائدہ نمبر تین: روبوٹک اینکر چوں کہ انٹرنیٹ سے منسلک رہا کرے گا، اس لیے ہمارے اینکروں کی طرح اخبار نہ بھی پڑھے پھر بھی خبروں سے با علم رہے گا۔

فائدہ نمبر چار: روبوٹک اینکر کو یہ شکایات بھی پیدا نہ ہوں گی کہ فلاں اینکر سے تو اتنی خبریں پڑھوائی ہیں اور مجھ سے اتنی کم پڑھوائی ہیں۔

فائدہ نمبر پانچ، چھ اور سات

خبریں پڑھتے ہوئے کبھی اس کا گلا خراب نہیں ہوا کرے گا

خبریں پڑھنے سے پہلے کبھی اس کا موڈ خراب نہیں ہوا کرے گا

دفتر آنے سے پہلے کبھی اس کی طبیعت خراب نہیں ہوا کرے گی

فائدہ نمبر آٹھ اور نو: بریکنگ نیوز زور زور سے پڑھنے کے باوجود روبوٹک اینکر کا سانس نہیں پھولا کرے گا۔ اور نشریات کا دورانیہ بڑھ بھی گیا تو اسے قدرت کی طرف سے بلاوا نہیں آیا کرے گا۔

فائدہ نمبر 10 : روبوٹک اینکر کی پروگرامنگ میں یہ بات شامل ہو گی کہ کس خبر کے بعد اسمائل دینی ہے اور کس کے بعد سنجیدہ رہنا ہے۔ لہذا وہ ہلکی پھلکی خبریں پڑھتے ہوئے چہرے پر ہلکی پھلکی مسکراہٹ لائے گا، اور جنازے کی خبر پڑھتے ہوئے قطعی دانت نہیں نکالے گا۔

فائدہ نمبر 11 : انسانی اینکروں کے برعکس، روبوٹک اینکر رپورٹر سے یہ نہیں پوچھا کرے گا۔ جی قاسم، کیا تفصیلات ہیں آپ کے پاس؟ اس کے بجائے وہ کوئی ڈھنگ کے سوال کیا کرے گا۔

فائدہ نمبر 12 : روبوٹک اینکر تنخواہوں سے بے نیاز ہوں گے۔ اور اگر ادارے نے کبھی کسی سال تنخواہیں بڑھانے کا ارادہ کر ہی لیا تو اینکرز کے حصے کی اضافی تنخواہ بھی پروڈیوسر کو دے دی جائے گی۔

عمیر محمود

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عمیر محمود

عمیر محمود ایک خبری ٹیلی وژن چینل سے وابستہ ہیں، اور جو کچھ کرتے ہیں اسے صحافت کہنے پر مصر ہیں۔ ایک جید صحافی کی طرح اپنی رائے کو ہی حرف آخر سمجھتے ہیں۔ اپنی سنانے میں زیادہ اور دوسروں کی سننے میں کم دلچسپی رکھتے ہیں۔ عمیر محمود نوک جوک کے عنوان سے ایک بلاگ سائٹ بھی چلا رہے ہیں

omair-mahmood has 47 posts and counting.See all posts by omair-mahmood