پاکستان سپر لیگ کی چھٹی ٹیم: ملتان سلطان



’ملتان سلطان‘ پاکستان سپر لیگ کی چھٹی اور سب سے مہنگی ٹیم، وسیم اکرم ٹیم ڈائریکٹر، ٹام موڈی ہیڈ کوچ، شعیب ملک کپتان، اور کمار سنگا کارا، کرس گیل، کیرن پولارڈ، احمد شہزاد، سہیل تنویر، جنید خان، عمران طاہر، عمر گل اور محمد عرفان جیسے کھلاڑی۔ ’ملتان سلطان‘ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں چھٹی اور سب سے مہنگی ٹیم، جس نے ڈرافٹ میں اتنے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کر کے باقی ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ پہلے چھہ میچز میں صرف ایک شکست اور چار کامیابیوں کے بعد کون سوچ سکتا تھا کہ یہ ٹیم ’پلے آف‘ تک بھی نہ پہنچ پائے گی، لیکن اگلے چار میچز میں شکست نے ملتان سلطان کو ’پلے آف‘ کی دوڑ سے باہر کھڑا کیا۔

ملتان سلطان کی طرف سے سب سے زیادہ اسکور کمار سنگا کارا نے 269 اور سب سے زیادہ وکٹیں عمران طاہر نے 13 حاصل کیں؛ جن میں دو ہیٹ ٹرکس بھی شامل تھیں۔ ملتان سلطان اپنے پہلے سیزن میں پانچویں پوزیشن ہے حاصل کر سکی، لیکن اپنے دوسرے اور ٹورنامنٹ کے چوتھے سیزن سے پہلے عدم ادائی کی وجہ سے ٹورنامنٹ ہی سے باہر ہو گئی۔ چوتھے سیزن کے لیے کھلاڑیوں کا ڈرافٹ ہو چکا، جس میں ملتان سلطان کو ’سکستھ ٹیم‘ کا نام دیا گیا ہے؛ اس کے مالکان کی جگہ ابھی خالی ہے۔ اگر کوئی نئی پارٹی یہ ٹیم نہ خرید سکی تو ٹورنامنٹ کے چوتھے سیزن میں پی سی بی ہی ٹیم کی مالک ہو گی۔

پاکستان سپر لیگ کی اس چھٹی ٹیم کو 2019 کے ٹورنامنٹ کے لیے بیٹنگ کے شعبے میں شعیب ملک، اسٹیون اسمتھ، شان مسعود جیسے بیٹس مینوں کی خدمات حاصل ہیں؛ جب کہ آل راؤنڈرز کے طور پر شاہد آفریدی کا ساتھ دیں گے۔ ڈینئیل کرسٹن اور جوئے ڈینلی، وکٹ کیپر کے طور پر اس ٹیم میں شکیل انصر، ٹام مورس، اور نکولس پورن شامل ہیں؛ جب کہ باولنگ میں محمد عرفان، جنید خان، محمد عباس کے علاوہ افغانی قیس احمد کی خدمات حاصل ہوں گی۔

’سکستھ ٹیم‘ کی بیٹنگ کا زیادہ دار و مدار شعیب ملک، اسمتھ، اور شان مسعود کے ساتھ ٹیم کے آل راؤنڈرز پر ہو گا۔ اچھے ہارڈ ہٹرز ٹیم میں شامل ہیں، جس سے ٹیم کو سکس ہٹنگ میں کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔ فاسٹ باولنگ کا شعبہ بھی خاصہ مضبوط ہے۔ اس میں جنید خان اور عرفان اپنی پیس اور تجربے سے، جب کہ محمد عباس اپنی ایکوریسی سے مخالف بیٹس مینوں کو پریشان کر سکتے ہیں۔ ٹیم کو وکٹ کیپنگ میں بھی نکولس پورن، جو کہ یارڈ ہٹنگ میں کمال رکھتے ہیں اور آج کل امارات میں ٹی ٹین لیگ میں دھوم مچا رہے ہیں، ان کا ساتھ دینے کے لیے شکیل انصر اور ٹام مورس ہیں۔

ٹیم کی مضبوطی ہارڈ ہٹرز اور عمدہ فاسٹ باؤلرز ہیں؛ جب کہ ٹیم کی کم زوریوں میں مستند بیٹس مینوں کی کمی، ملک اور اسمتھ پر ضرورت سے زیادہ انحصار، اور شاہد آفریدی کی فارم شامل ہیں۔ ٹیم میں قیس احمد اور شاہد آفریدی دو ہی مستند اسپنر ہیں اور اگر شاہد آفریدی پرفارم کرنے میں نا کام رہتے ہیں، تو امارات کی پچز پر ٹیم کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

بیسٹ پلیئنگ الیون: شان مسعود، نکولس پورن، اسمتھ، شعیب ملک، جوئے ڈینلی، ڈینئیل کرسٹن، شاہد آفریدی، شکیل انصر، جنید خان، قیس احمد، محمد عرفان۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).