لاپتہ افراد: ’عمران خان کو وہ وعدے نبھانا ہوں گے جو ہم سے کیے تھے‘

سحر بلوچ - بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد


آمنہ مسعود جنجوعہ

BBC
آمنہ نے کہا کہ ان کا ذاتی دُکھ انھیں احتجاج میں شامل ہونے پر اکساتا بھی ہے اور ہمت بھی دیتا ہے

’اب وقت آ گیا ہے۔ وزیرِاعظم عمران خان ہیں اور عارف علوی صاحب ملک کے صدر۔ انھوں نے جو وعدے سڑکوں پر، ہمارے کیمپوں میں آ کر کیے تھے، وہ اب ان کو نبھانے ہوں گے۔‘

یہ کہنا ہے کہ آمنہ جنجوعہ کا جو 2005 برس سے ملک میں جبری طور پر لاپتہ کیے گئے افراد کی بازیابی کے لیے مہم چلا رہی ہیں۔ اس مہم کا محرک خود آمنہ کے شوہر مسعود جنجوعہ کی 13 برس قبل گمشدگی بنی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

2018 میں پاکستان میں جبری گمشدگیوں میں اضافہ

’اوپر اللہ نیچے آپ ہیں، میرے بیٹے کو بازیاب کروائیں‘

اس معاملے کے سپریم کورٹ تک پہنچنے کے باوجود آج تک پتہ نہیں چل سکا کہ مسعود جنجوعہ جو استاد اور آئی ٹی کے ماہر تھے، اس وقت کہاں ہیں۔

اسلام آباد کے ڈی چوک پر جبری طور پر لاپتہ کیے گئے افراد کے لیے لگائے جانے والے احتجاجی کیمپ میں آمنہ کے علاوہ کئی اور لاپتہ افراد کے لواحقین بھی موجود ہیں جو آمنہ کی طرح کئی سالوں سے اپنے گمشدہ والد، بھائی، بھتیجوں یا بھانجوں کی تلاش میں ہیں۔ ان میں فاٹا، وزیرستان، سوات، صوابی اور جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد ہیں جن میں زیادہ تر تعداد بزرگ خواتین اور مردوں کی ہے۔

پہلی بار ملٹری اور سول اسٹیبلشمنٹ ایک پیج پر ہے

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے آمنہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے لیے ان افراد کی بازیابی کے لیے کام کرنا اتنا مشکل نہیں ہے۔

’اس حکومت کے بہت اچھے تعلقات ہیں ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ۔ تو ان کے لیے یہ نادر موقع ہے۔ پہلی بار ملٹری اور سول اسٹیبلشمنٹ ایک پیج پر ہے، تو یہ کام خوش اسلوبی کے ساتھ کیا جا سکتا ہے۔‘

تین مختلف ادوار دیکھے ہیں

آمنہ نے بتایا کہ جس دور میں انھوں نے مسعود جنجوعہ کی بازیابی کے لیے مہم شروع کی تھی اس وقت حالات بہت مختلف تھے۔

’میں نے تین طرح کے ادوار دیکھے ہیں۔ ایک پرویز مشرف کا دور تھا۔ اس وقت کے چند جبری طور پر لاپتہ کیے گئے افراد آج تک واپس نہیں آئے جن میں میرے شوہر بھی شامل ہیں۔ پھر 2014 میں بھی ایک کٹھن دور تھا، جب میڈیا کی طرف سے گمشدہ افراد کی خبر چلانے پر بلیک آؤٹ ہونا شروع ہو گیا۔‘اور ایک دور آج کا ہے جہاں آمنہ جنجوعہ کے بقول، ایک طرف مختلف صوبوں میں چلنے والی تحریکوں کے نتیجے میں گمشدہ افراد ’زیادہ نہیں تو چھ ماہ یا ایک سال کے اندر گھر واپس آجاتے ہیں۔ تو دوسری طرف آزادی رائے اور انسانی حقوق پر کام کرنے والوں سے بہت بری طرح سے نمٹا جا رہا ہے۔ کوشش کی جا رہی ہے کہ انسانی حقوق کے کارکنوں کو صفحۂ ہستی سے ہی مٹا دیا جائے۔‘

لاپتہ افراد کے لواحقین کا کیمپ

BBC
احتجاجی کیمپ میں آمنہ کے علاوہ کئی اور لاپتہ افراد کے لواحقین بھی موجود ہیں جو آمنہ کی طرح کئی سالوں سے اپنے گمشدہ والد، بھائی، بھتیجوں یا بھانجوں کی تلاش میں ہیں

یہ بھی پڑھیے

’پلیز میرے ابو واپس کردیں’

کوئٹہ کی سڑکوں پر اتنی خواتین کیوں احتجاج کر رہی ہیں؟

ذاتی دکھ ہمت دیتا ہے

آمنہ نے کہا کہ ان کا ذاتی دُکھ انھیں احتجاج میں شامل ہونے پر اکساتا بھی ہے اور ہمت بھی دیتا ہے۔

آمنہ اپنے اہلخانہ کے ہمراہ

Getty Images
آمنہ نے بتایا کہ جس دور میں انھوں نے مسعود جنجوعہ کی بازیابی کے لیے مہم شروع کی تھی اس وقت حالات بہت مختلف تھے

’میں اپنے بچوں کا باپ، اپنا شوہر، اپنا ساتھی ڈھونڈ رہی ہوں، پوری دنیا میں پھِر رہی ہوں اور کوئی ایسا فورم نہیں ہے، اقوامِ متحدہ سے لے کر ایمنسٹی انٹرنیشنل ہیومن رائیٹس واچ، جہاں پر میں نہیں گئی ہوں اور میں نے دستک نہ دی ہو۔‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے مہم ہر حال میں جاری رکھیں گی۔ ’‎یہ زخمی دل کی وجہ سے ہے کہ میں اپنی تحریک کو جاری رکھ سکتی ہوں جب تک مجھے جواب نہیں ملیں گے اور اس کے بعد بھی، میرا شوہر مجھے مل بھی گیا تب بھی، کیونکہ میں اب اس غم کو بہت اچھی طرح سمجھ چکی ہوں، تو میں اس کے آگے ہار نہیں مان سکتی۔‘

آمنہ جنجوعہ کی جانب سے ماضی میں میڈیا میں دیے گئے بیانات کے مطابق ان کو کئی بار دھمکیاں دی گئیں جس سے ان کی ذاتی زندگی اور خاص طور سے اپنے شوہر کو بازیاب کرانے کی تحریک متاثر ہوئی۔ اس سوال پر کہ کیا یہی وجہ تھی کہ وہ کچھ عرصے منظرِعام سے غائب رہیں؟ آمنہ کا کہنا تھا کہ ’ایسا نہیں ہے۔ میں پشتون تحفظ موومنٹ کے جلسوں میں شامل تھی۔ ساتھ ہی باقی صوبوں میں چلنے والی تحریکوں کے بارے میں بھی معلومات رکھتی رہی ہوں۔‘

’ہم پاکستان کے ہر شہر میں مظاہرہ کر چکے ہیں۔ ڈھائی ہزار سے زیادہ کیس میرے پاس رجسٹرڈ ہیں۔ جن میں سے تقریباً 950 اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔‘

image_pdfimage_print
Comments - User is solely responsible for his/her words


اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ ”ہم سب“ ایک مثبت سوچ کو فروغ دے کر ایک بہتر پاکستان کی تشکیل میں مدد دے رہا ہے تو ہمارا ساتھ دیں۔ سپورٹ کے لئے اس لنک پر کلک کریں

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 7202 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp