تم میری بات نہیں سنتے: سعودی ولی عہد کو فرانسیسی صدر کا انتباہ


ارجنٹینا میں ہونے والی جی 20 کانفرنس میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کی ملاقات ہوئی جس میں صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے معاملے پر صدر میکرون کو تسلی دیتے ہوئے شہزادہ محمد نے کہا کہ ’آپ پریشان مت ہوں‘۔ لیکن اس کے جواب میں صدر میکرون نے ایسا دوٹوک موقف اپنایا کہ الٹا شہزادہ محمد ہی کو پریشان کر دیا۔

میل آن لائن کے مطابق کانفرنس کے دوران ہونے والی غیررسمی ملاقات میں جمال خاشقجی کے قتل اور یمن میں جاری جنگ کے معاملے پر بات کرتے ہوئے جب صدر ایمانوئیل میکرون نے اپنی تشویش کا اظہار کیا تو شہزادہ محمد نے کہا کہ ”آپ پریشان نہ ہوں۔“ تاہم جواب میں صدر میکرون نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ”میں واقعی پریشان ہوں! تم میری کبھی نہیں سنتے۔“ اس کے جواب میں شہزادہ محمد نے انہیں کہا کہ ”یقینا میں آپ کی سنوں گا۔“

ملاقات میں صدر میکرون کو یہ کہتے بھی سنا جا سکتا ہے کہ ”میں اپنے الفاظ کی پاسداری کرنے والا آدمی ہوں۔“ رپورٹ کے مطابق اس مختصر سی ملاقات کی ایک ویڈیو منظرعام پر آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ صدر میکرون کافی سخت لہجہ اپنائے ہوئے تھے جبکہ شہزادہ محمد چہرے پر ہلکی سی مسکراہٹ کے ساتھ گفتگو کر رہے تھے۔ فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ ”یہ ویڈیو اس بات کا ثبوت ہے کہ فرانسیسی حکومت یمن جنگ اور جمال خاشقجی کے معاملے پر کس قدر سنجیدہ اور فکرمند ہے اور صدر میکرون نے اس ملاقات میں سعودی عرب کو ایک سخت پیغام دینا چاہتے تھے۔“


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).