شاہد آفریدی: ‘ٹی 10 کرکٹ کو اولمپکس میں متعارف کرا سکتا ہے’


آفریدی

پاکستان کے سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے ٹی 10 فارمیٹ کو کرکٹ کا مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کرکٹ کے لیے اولمپکس میں شامل ہونے کا در وا کر سکتا ہے۔

جبکہ مراٹھا عربیئنز کے کپتان اور ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر ڈوئن براوو نے کہا ہے کہ یہ پوری دنیا کو اپنی گرفت میں لے لے گا۔

شاہد آفریدی اپنے جارحانہ کھیل کے لیے جانے جاتے ہیں اور وہ اُس وقت سے دنیا بھر کے کرکٹ مداح کے ہیرو ہیں جب سے انھوں نے 37 گیندوں میں سنچری بنائی تھی۔

اِن دنوں وہ شارجہ میں ٹی 10 لیگ میں اپنی ٹیم پختونز کی قیادت کر رہے ہیں۔ گذشتہ روز انھوں نے پلے آف میچ میں 17 گیندوں پر 59 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچایا ہے۔

شاہد آفریدی نے ای ایس پی این کرک انفو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ کرکٹ کے اس فارمیٹ کے فروغ کو دیکھ کر بہت حوصلہ مند ہیں اور ان کے خیال میں اسے وسیع تر ناظرین کے سامنے پیش کرنے کا وقت آ گیا ہے۔

انھوں نے کہا: ‘میرے خیال سے یہ کرکٹ کی بہترین شکل ہے جسے آپ اولمپکس میں متعارف کرا سکتے ہیں۔ آپ اسے دنیا کے سامنے لے جا کر دنیا کو یہ بتا سکتے ہیں کہ کرکٹ آخرکیا ہے۔’

انھوں نے مزید کہا: ‘میرے خیال سے یہ کرکٹ کو متعارف کرانے کا بہترین فارمیٹ ہے، ہم سب اس سے لطف اندوز ہو رہے ہیں اور یہی اہم بات ہے۔’

یہ بھی پڑھیے

’شکریہ شاہد آفریدی‘

پی ایس ایل 4: شاہد آفریدی کس ٹیم کا حصہ بنیں گے؟

اس سے قبل گذشتہ سال جب ٹی 10 لیگ کا افتتاح ہوا تھا تو انگلینڈ کے کھلاڑی ایوئن مورگن نے بھی اسی طرح کے خیالات کا اظہار کیا تھا۔

انھوں نے کہا تھا ‘میرے خیال سے ٹی 10 ایسی چیز ہے جسے آپ اولمپک کمیٹی کے سامنے پیش کر سکتے ہیں۔’

اس سے قبل سنہ 1900 میں صرف ایک بار کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کیا گیا تھا جس میں برطانیہ نے فرانس کو شکست دے کر طلائی تمغہ حاصل کیا تھا۔

لیکن 100 سال بعد ایک بار پھر سے اسے اولمپکس میں شامل کرنے کی بات زور پکڑ رہی ہے۔

شاہد آفریدی نے اس کی خصوصیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا: ‘یہ تیز ہے، بولروں کے لیے چیلنج ہے، یہاں بیٹسمین اپنے ہنر کا مظاہرہ کر سکتے ہیں اور میں نے یہاں چند اچھی اننگز، اچھی صلاحیتیں اور اچھے شاٹس خود دیکھے ہیں۔’

انھوں نے مزید کہا: ‘میرے خیال سے اس سے کرکٹ تبدیل ہو جائے گا۔ یہاں تک کہ ٹی 20 اور ون ڈے کرکٹ بھی اس سے تبدیل ہوگا۔ میرے خیال سے وقت کے پیش نظر آپ اسے دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہیں گے۔’

جبکہ دوئن براوو نے کہا کہ اس میں ترقی کے پورے امکانات ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ ٹی 20 کی ہی طرح ہے اور دوسرے ممالک اور ليگ والے اسے ہاتھوں ہاتھ لیں گے۔

انھوں نے کہا کہ ‘جب ٹی 20 متعارف کرایا گیا تھا تو کسی نے اس پر اعتماد ظاہر نہیں کیا تھا لیکن آج وہ سب سے مقبول نظر آ رہا ہے۔’

خیال رہے کہ جب ایک روزہ میچ شروع کیا گیا تھا تو اس کے بارے میں بھی خدشات ظاہر کیے گئے تھے لیکن وہ تقریبا تین دہائی تک کرکٹ کا مقبول ترین فارمیٹ ثابت ہوا۔

آسٹریلیا کے کھلاڑی جیمز فاکنر نے بھی اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ کرکٹ کی ٹی 10 فارمیٹ کا مستقبل ہے۔

بہرحال آج اتوار کو شارجہ میں ڈیرن سیمی کی ٹیم ناردرن واریئرز اور شاہد آفریدی کی ٹیم پختونز کی ٹیمیں فائنل میں مقابل ہیں اور ایک دلچسپ مقابلے کی امید کی جا رہی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32296 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp