پرویز الٰہی سپریم کورٹ میں طلب: کس قانون کے تحت بحریہ ٹاؤن کو زمین دی؟


بحریہ ٹااؤن

سپریم کورٹ نے پنجاب اسمبلی کے سپیکر اور سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کو محکمہ جنگلات کی زمین نجی ہاؤسنگ سوسائٹی بحریہ ٹاؤن کو فروخت کرنے کے معاملے پر ذاتی حثیت میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے چوہدری پرویز الہی کو 4 دسمبر کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے راولپنڈی کے علاقے موضع تخت پڑی اور موضع سلکھیتر میں بحریہ ٹاؤن ناجائز قبضے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ بینچ کے سربراہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پرویز الہی کو بلا کر پوچھ لیتے ہیں کس قانون کے تحت بحریہ کو زمین دی گئی۔

عدالت کا کہنا تھا کہ کیسے اس زمین کا کچھ حصہ سابق وزیر اعظم اور چوہدری پرویز الہی کے کزن چوہدری شجاعت حسین ان کے بیٹے سالک اور بیوی کے نام منتقل ہوا۔

بینچ کے سربراہ نے ریمارکس دیے کہ کیسے زمین اس وقت وزیر اعلی کے بھائیوں کو چلی گئی۔

بحریہ ٹاؤن کے وکیل اعتزاز احسن نے کہا کہ سپریم کورٹ نے سروے جنرل کو جنگلات کی زمین کی حدود کے تعین کا حکم دیا تھا اور اس بارے میں رپورٹ ایک ہفتے میں آ جائے گی جس پر بینچ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اس کے بعد تو اس پر نظر ثانی کی ضرورت ہی نہیں رہے گی۔

بینچ میں موجود جسٹس اعجاز الااحسن نے ریمارکس دیے کہ جنگلات کا رقبہ طے ہو چکا صرف حدود کا تعین ہونا باقی ہے ۔ اُنھوں نے کہا کہ جنگلات کا رقبہ 2210 ایکٹر تھا۔ بینچ کے سربراہ نے بحریہ ٹاؤن کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا وہ جنگلات کے رقبے کے حوالے سے پہلے بحث نہیں کر چکے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے اعتزاز احسن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دعوے کے مطابق یہ رقبہ 1741 ایکٹر تھا جبکہ سپریم کورٹ اس دعوے کو مسترد کر چکی ہے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ان موضعوں میں جتنا جنگل کاٹا گیا غلط کاٹا گیا اس لیے عدالت ذمہ داروں کے خلاف فوجداری قانون کے تحت کارروائی پر غور کرے گی۔

جسٹس اعجاز الااحسن نے ریمارکس دیے کہ وزیر اعلی پنجاب پرویز الہی نے محکمہ جنگلات کی سمری منظور کی تھی جبکہ قانون کے تحت وزیر اعلی کا حد بندی میں کوئی کردار نہیں ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ موضع تخت پڑی میں بحریہ ٹاؤن کے لیے زمین کی حد بندی پرویز الہی کے احکامات پر کی گئی تھی۔

بینچ میں موجود جسٹس آصف سعید کھوسہ نے اعتزاز احسن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا وہ بتائیں کہ اس غیر قانونی اقدام کا مجرم بحریہ ٹاؤن ہے یا اس وقت کی صوبائی حکومت۔ اُنھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی زمین بحریہ ٹاؤن کو چلی گئی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32296 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp