ایشیا کپ ایمرجنگ کرکٹ ٹورنامنٹ، بھارتی ٹیم تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گی


نیشنل سٹیڈیم

پاکستان میں گروپ بی کے چھ میچز کے لیے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم اور ساؤتھ اینڈ گراؤنڈ ڈی ایچ اے کا انتخاب کیا گیا ہے

پاکستان ایشیا کپ ایمرجنگ کرکٹ ٹورنامنٹ کے گروپ بی کے میچوں کی میزبانی کررہا ہے جبکہ گروپ اے کے میچز سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔

ایشیا کپ ایمرجنگ کرکٹ ٹورنامنٹ کی مکمل میزبانی پاکستان کو دینے کا فیصلہ گزشتہ سال اکتوبر میں ایشین کرکٹ کونسل کے لاہور میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا تھا لیکن گزشتہ ماہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کر دیا جس کے بعد سری لنکا ٹورنامنٹ کا مشترکہ میزبان بنا ہے اور بھارتی ٹیم اپنے تمام میچز سری لنکا میں ہی کھیلے گی۔

یہ بھی پڑھیئے

ایشیا کپ: پاکستان بمقابلہ افغانستان، تصاویر میں

ایشیا کپ: انڈیا کو شارجہ میں کھیلنے سے کیا مسئلہ ہے؟

سنسی خیز مقابلے کے بعد انڈیا ایشیا کپ کا فاتح

کراچی میں نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنلز تیرہ دسمبر کو کولمبو میں ہونگے جبکہ پندرہ دسمبر کو ہونے والے فائنل کی میزبانی بھی کولمبو کرے گا۔

گروپ بی میں میزبان پاکستان کے علاوہ بنگلہ دیش، ہانگ کانگ اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں شامل ہیں۔

گروپ اے بھارت، افغانستان، اومان اور میزبان سری لنکا پر مشتمل ہے۔

ایشین کرکٹ کونسل کے قواعد و ضوابط کے مطابق اس ٹورنامنٹ میں ٹیسٹ رکنیت رکھنے والے پانچ ممالک پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیموں میں گیارہ کرکٹرز تیئس سال سے کم عمر ہونگے جبکہ تیئس سال سے زائد عمر کے چار کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنے کی اجازت ہے البتہ ہانگ کانگ، متحدہ عرب امارات اور اومان کی ٹیموں کے لیے عمر کی حد نہیں رکھی گئی ہے اور ان کی قومی ٹیمیں ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہی ہیں۔

پاکستان میں گروپ بی کے چھ میچز کے لیے کراچی کے نیشنل سٹیڈیم اور ساؤتھ اینڈ گراؤنڈ ڈی ایچ اے کا انتخاب کیا گیا ہے۔

چھ دسمبر کو پاکستان کا مقابلہ ہانگ کانگ سے ہو گا اسی روز بنگلہ دیش اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔

سات دسمبر کو پاکستان کا دوسرا میچ متحدہ عرب امارات سے ہو گا جبکہ بنگلہ دیشی ٹیم ہانگ کانگ کا سامنا کرے گی۔

نو دسمبر کو گروپ بی کے آخری دن پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش کا سامنا کرے گی جبکہ ہانگ کانگ اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp