120 ملکوں میں فلمایا گیا ھو جمالو اور اڈیالا جیل میں قید ڈاکٹر شاہد مسعود


کل سندھی کلچر ڈے پورے سندھ میں عید کی طرح منایا گیا۔ یہ دن کچھ سال پہلےٹی وی اینکر ڈاکٹر شاھد مسعود کی طرف سے ایک ٹی وی پروگرام میں سندھی ٹوپی کے خلاف ہتک آمیز بات کرنے کے خلاف رد عمل کے طور پر سندھی میڈیا نے منانے کا اعلان کیا تھا ، جس کی شروعات اس وقت کے کے ٹی این کے سی ای او علی قاضی نے کی تھی اورمہران ٹی وی کے غلام نبی مورائی ، سندھ ٹی وی کے ڈاکٹر کریم راجپر،آواز ٹی وی کے شہزاد جتوئی اور دیگر نے اس دن کو منانے کے اعلانات کیئے،ساتھ ہی ، دھرتی ٹی وی، عوامی آواز ، کاوش ، عبرت، کے علاوہ ہر علمی ادبی ، سیاسی سماجی پلیٹ فارم سے سندھی کلچر ڈے پورے جوش اور ولولے کے ساتھ پوری دنیا میں منایا جانے لگا۔ کچھ سالوں سے یہ دن باقائدہ ہر سال سندھی ثقافت کے قومی دن کے طور پر دسمبر کے پہلے اتوار کو پوری دنیا میں منایا جاتا ہے۔ یہ بھی عجب اتفاق کہ سندھی کل پورے دنیا میں ہو جمالو اور جیئے سندھ جیئے ، سندھ وارا جیئن کی الاپ پہ رقص میں تھے مگر ڈاکٹر شاھد مسعود اڈیالا جیل میں اپنے دن رات گذار رہے ہیں۔

اس سال سندھی کلچر ڈے پر ہمارے صحافی دوست عمر میمن نے اپنی دس سالہ محنت سے پوری قوم کو ایک تحفہ دیا ہے۔ اس نے دنیا کے 120 ملکوں میں سندھی لوک گیت ہو جمالو فلمایا ہے دنیا کا اس رکارڈ والا یہ شاید واحد گیت ہی ہو۔ سندھیوں کی خوشی کی ہر تقریب کا اختتام مشھور لوک گیت۔ ہو جمالو۔ پے ہوتا ہے۔سندھ کی کسی خوشی کی تقریب میں جب یہ اعلان ہو کہ اب ہو جمالو ہو گا۔ اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ تقریب کا آخری ایونٹ ہے۔ ہو جمالو گیت پہ سب حاضرین ناچتے ہیں۔سندھ کی جان یہ گیت ھوجمالو صدیوں سے لوگ گاتے اور اس پر روایتی رقص کرتے آئے ہیں،اسی گیت ہو جمالو پر عمر میمن نے دنیا کا منفرد رکارڈ قائم کیا ہے ۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا گیت ہے جس پر دنیا کے 120 ملکوں کے لوگوں نے رقص کیا ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے ۔عمر میمن سندھ باد دی سیلر کی طرح کا ایک سیاح ہے اور تقریبا پوری دنیا کی سیاحت کر چکا ہے مگر اس کی سندھ سے محبت کا ایک عجب عالم ہے کہ وہ جہاں بھی گیا اپنے ساتھ ڈھیروں اجرک اور سندھی ٹوپیاں ساتھ لے جاتا اور ان ملکوں کے باشندوں کو انہی ملکوں کی مشہور لینڈ مارک کے سامنے پہنا کر ھو جمالو پران کے ساتھ ڈانس کرتا اور گیت فلماتا جاتا۔ ان ایک سو بیس ملکوں میں عمر جہاں بھی گیا اپنے اس پراجیکٹ کے بارے میں میرے ساتھ بھی رابطے میں رہتا اور مشورہ کرتا رہا ۔ عمر کی اس جنون کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ اس نے اس محبت سندھ کے سفر میں ایک پیسہ بھی کسی سے اسپانسر نہیں کروایا ، سب اپنا لگایا ہے، جو کمایا وہ خرچ کیا ۔ تقریبا دس سال سے جاری عمر کی محنت کا پھل اس کو اس سال سندھی کلچر ڈے پر ملا ہے اور اس ورلڈ ہو جمالو کا افتتاح آرٹس کائونسل کراچی میں ایک با وقار تقریب میں تین دن پہلے ہوا ہے ، افتتاح ہوتے ہی ورلڈ ہو جمالو وائرل ہو گیا ہے پوری دنیا میں دیکھا اور سنا جا رہا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).