پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ: پاکستانی اننگز کا دوبارہ آغاز


اظہر

اظہر علی نے سیریز میں اپنی تیسری نصف سنچری مکمل کی ہے

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا ہے۔

اس وقت کریز پر اظہر علی اور اسد شفیق موجود ہیں اور پاکستان نے اب سے کچھ دیر پہلے تک تین وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے ہیں۔

اظہر علی نے سیریز میں اپنی تیسری نصف سنچری مکمل کی ہے جبکہ دونوں بلے بازوں کے درمیان 50 سے زائد رنز کی شراکت قائم ہوچکی ہے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

پانچ روزہ میچ کے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک پاکستان نے نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز کے سکور 274 کے جواب میں تین وکٹوں پر 139 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز کا آغاز اچھا نہ ہوا جب ٹرینٹ بولٹ نے امام الحق کو نو اور محمد حفیظ کو صفر پر پویلین کی راہ دکھا دی۔

اس کے بعد حارث سہیل اور اظہر علی نے اچھی بیٹنگ کی اور چائے کے وقفے تک ساتھ رہے۔ لیکن دن کے تیسرے سیشن میں 68 رنز کی شراکت کے بعد حارث سہیل ساؤتھی کی گیند پر غیر ذمےدارنہ شاٹ کھیلتے ہوئے آؤٹ ہو گئے۔ انھوں نے 91 گیندوں پر 34 رنز بنائے۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز 274 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

محمد حفیظ

محمد حفیظ ایک بار پھر ناکام رہے

خیال رہے کہ پاکستانی فاسٹ بولر محمد عباس ان فٹ ہونے کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں ہیں اور ان کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ولیم سومرویل اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں۔

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔

ابوظہبی میں ہی کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو چار رنز سے شکست دی تھی جبکہ دبئی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ایک اننگز اور 16 رنز سے زیر کر کے سیریز برابر کر دی تھی۔

ٹیسٹ سیریز سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی 20 اور تین ہی ایک روزہ میچوں کی سیریز بھی کھیلی گئی تھی جس میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ٹی 20 میچوں کی سیریز میں تین صفر سے شکست دی جبکہ ون ڈے سیریز ایک، ایک میچ سے برابر رہی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32297 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp