انڈیا میں گائیوں کی ہلاکت کی خبر سننے کے بعد ہجوم نے انسپکٹر کو کیوں قتل کیا؟


شمالی انڈیا میں ایک پولیس افسر کو ایک مشتعل ہجوم نے اس وقت قتل کر دیا جب وہ لوگوں کو پرسکون رکھنے کی کوشش کر رہے تھے۔ بی بی سی کے نتن سری واستو بلند شہر گئے جہاں اس پولیس افسر کا قتل ہوا اور یہ جاننے کی کوشش کی کہ آخر اس دن ہوا کیا تھا۔

47 سالہ انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ بلند شہر کے سیانا پولیس تھانے کے انچارج تھے۔ انھیں صبح اطلاع ملی تھی کہ پانچ کلومیٹر دور ایک گاؤں چگراوتی میں بلوائی اکٹھے ہو گئے ہیں۔ بعض بلوائیوں نے کہا کہ انھیں کھیتوں میں گائیوں کی لاشیں ملی ہیں۔ جلد ہی وٹس ایپ اور سوشل میڈیا پر ویڈیوز گردش کرنے لگیں، جس میں ایک ٹریکٹر پر لاشیں لدی تھیں۔

ہندو مت میں گائے کو مقدس جانور مانا جاتا ہے اور حالیہ برسوں میں سوشل میڈیا پر ان کے مارے جانے کی خبریں پھیلنے کے بعد مشتعل بلوائیوں کے ہاتھوں کئی لوگوں کی جانیں جا چکی ہیں۔

اس بارے میں مزید پڑھیے

مردہ گائے پر فساد، مسلمان کے مکان کو آگ لگا دی

انڈیا میں گائے چوری کے الزام میں دو مسلمان نوجوان ہلاک

‘مسلمان گائے کا گوشت ترک کرکے پہل کریں’

سبودھ کمار کو پتہ چلا کہ چگراوتی میں ہجوم پھیل رہا ہے اور اب تک 300 سے زیادہ لوگ جمع ہو چکے ہیں۔ ان کا مطالبہ تھا کہ پولیس فوری طور پر گائے کو مارنے والوں کو گرفتار کرے۔

تھانے میں موجود اہلکاروں نے فوری طور پر صوبائی ہیڈکوارٹر میں فون کرنے شروع کر دیے۔ یہ واضح نہیں ہے کہ آیا سبودھ کمار خود چگراوتی گئے یا انھیں حکامِ بالا نے اس کا حکم دیا تھا۔

عینی شاہدین نے بی بی سی کو بتایا کہ جب وہ چگراوتی پہنچے تو انھوں نے بلٹ پروف جیکٹ پہن رکھی تھی اور نہ ہی ان کے ہاتھ میں پستول تھا۔

جلی کار

بلوائیوں نے تھانے کے باہر کھڑی گاڑیاں جلا دیں

پولیس کو اس لیے بھی تشویش تھی کہ بلند شہر میں کئی ہزار مسلمان ایک مذہبی تقریب میں شرکت کرنے اکٹھے ہوئے تھے۔ انھیں ڈر تھا کہ کہیں فرقہ وارانہ فساد نہ شروع ہو جائے۔

تاہم سبودھ سنگھ اور دوسرے پولیس اہلکاروں کو دیکھ کر ہجوم کا اشتعال کم ہونے کی بجائے بڑھتا چلا گیا۔

ایک سکول ٹیچر نے بی بی سی کو بتایا کہ پولیس اور ہجوم کے درمیان آدھے گھنٹے تک لڑائی ہوتی رہی اور اس دوران کئی گولیوں کی آوازیں سنائی دیں۔ انھوں نے خود کو سکول کے باتھ روم میں بند کر لیا تھا۔

پولیس نے بی بی سی کو بتایا کہ بعض بلوائیوں کے پاس ریوالور تھے اور انھوں نے پہلے فائر کیا۔ تاہم کچھ اور عینی شاہدین نے کہا کہ پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی جس کے بعد ہجوم کی طرف سے بھی فائرنگ شروع ہو گئی۔

پولیس ڈرائیور رام اسرے نے بتایا کہ ہجوم نے تھانے اور اس کے باہر کھڑی گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی اور پولیس پر پتھر اور اینٹیں برسائیں۔ پولیس اہلکار جانیں بچانے کے لیے اندر گھس گئے۔

پولیس

ہجوم کو پھیلنے سے روکنے کے لیے دوسرے علاقوں سے بھی پولیس بلائی گئی

اسرے نے کہا کہ ‘اسی وقت سبودھ کمار کو اینٹ لگی اور وہ بےہوش ہو کر گر گئے۔’

انھوں نے اپنے افسر کو کار میں ڈالا اور ہجوم سے دور لے جانے کی کوشش کی، لیکن ہجوم نے سڑک بند کر رکھی تھی، جس پر اسرے نے گاڑی کھیتوں میں موڑ دی۔

‘گاڑی کے پہیے کھیتوں میں دھنس گئے، ہمارے پاس بھاگنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا۔’

اسرے کا کہنا ہے کہ ہجوم نے ان کا پیچھا کیا اور گاڑی پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔

خود اسرے کو بھی چوٹیں آئیں لیکن وہ نہیں جانتے کہ سبودھ کمار کیسے ہلاک ہوئے۔

پیر کو وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سبودھ کمار کو گاڑی سے باہر نکالا گیا۔ ان کی جسم میں کوئی حرکت نہیں دیکھی جا سکتی اور ویڈیو میں مرد ایک دوسرے سے پوچھ رہے ہیں کہ وہ زندہ ہیں یا مردہ جبکہ پس منظر میں گولیوں کی آوازیں سنی جا سکتی ہیں۔

انسپکٹر سبودھ کمار نے ایک بیوہ اور دو بچے سوگوار چھوڑے ہیں۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق انھیں گولی لگی تھی۔ ان کا پستول اور تین موبائل بھی غائب ہیں۔

ان کے علاوہ ایک 18 سالہ نوجوان بھی مارا گیا۔ پولیس نے چار ملزموں کو حراست میں لے لیا ہے، جب کہ 23 دوسرے لوگوں کی تلاش جاری ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32552 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp