حکومت نے سردار ایاز صادق کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے کی پیشکش کر دی


حکومت نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے پر رضا مندی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب زدہ شخص کو چیئرمین پی اے سی نہیں بنا سکتے۔ بدھ کو نجی ٹی وی پر بات کرتے ہوئے حکومتی رہنما نعیم الحق نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے پر رضا مندی ظاہر کر دی ۔

پی ٹی آئی کے رہنما نعیم الحق نے کہا کہ نیب زدہ شخص کو چیئرمین پی اے سی نہیں بنا سکتے۔ حکومت نے اپوزیشن کو عندیہ دے دیا ہے کہ شہباز شریف اور خواجہ آصف چیئرمین پی اے سی کسی صورت قابل قبول نہیں ہوں گے۔ حکومت نے ایاز صادق کے حوالے سے نرمی کی ہے کہ اگر ایاز صادق کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنا دیا جائے تو حکومت کو اس پر کوئی اعتراض نہ ہو گا۔

دریں اثنا قائمہ کمیٹیوں کے معاملے پر کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ایران کے دورے پر روانہ ہو چکے ہیں۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بدستور ڈیڈ لاک موجود ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).