پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ: کیا نیوزی لینڈ پاکستان کو بڑا ہدف دے پائے گا؟


کرکٹ

کیویز کا سارا دارو مدار کپتان کین ولیمسن پر ہے

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے فیصلہ کن میچ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا ہے۔

اس وقت کریز پر کین ولیمسن اور راس ٹیلر موجود ہیں اور نیوزی لینڈ نے اب سے کچھ دیر پہلے تک تین وکٹوں کے نقصان پر 56 رنز بنائے تھے۔

میچ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز کا 26 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ آغاز کیا تو نائٹ واچ مین سومورویل چار رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ انھیں یاسر شاہ نے آؤٹ کیا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

اس سے قبل تیسرے روز کے اختتام تک پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ پر 74 رنز کی سبقت حاصل کر لی تھی۔

دوسری اننگز میں پاکستان کو پہلی کامیابی اننگز کے چوتھے اوور میں ملی جب شاہین شاہ آفریدی نے جیت راول کو ایل بی ڈبلیو کر لیا۔ جلد ہی یاسر شاہ نے ٹام لیتھم کی وکٹ حاصل کر لی جن کا حارث سہیل نے زبردست کیچ لیا۔ انھوں نے 10 رنز بنائے تھے۔

اس سے قبل پاکستان کی پوری ٹیم 348 رنز پر آؤٹ ہوئی جس میں خاص بات اظہر علی اور اسد شفیق کی ڈبل سنچری کی شراکت تھی۔ ان دونوں نے اپنی اپنی انفرادی سنچری بھی مکمل کی لیکن دوسری جانب کیوی سپنر نے زبردست کارکردگی دکھاتے ہوئے کم بیک کیا اور پاکستان کی آخری سات وکٹیں صرف 62 رنز کے عوض حاصل کر لیں۔

اظہر

اظہر علی اور اسد شفیق کے درمیان 201 رنز کی پارٹنرشپ ہوئی

خیال رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔

ابوظہبی میں ہی کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو چار رنز سے شکست دی تھی جبکہ دبئی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ایک اننگز اور 16 رنز سے زیر کر کے سیریز برابر کر دی تھی۔

ٹیسٹ سیریز سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی 20 اور تین ہی ایک روزہ میچوں کی سیریز بھی کھیلی گئی تھی جس میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ٹی 20 میچوں کی سیریز میں تین صفر سے شکست دی جبکہ ون ڈے سیریز ایک، ایک میچ سے برابر رہی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp