قرضوں سے بچنے کے لئے نواز شریف اور آصف زرداری کے اثاثے ضبط کر لیے جائیں: فواد چوہدری


وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ملکی معیشت کے حوالے سے پریشان وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کو قرضوں سے بچنے کا نادر نسخہ بتا دیا۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کے اثاثے ضبط کرلیے جائیں تو ہمیں قرضے نہیں لینے پڑیں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ نوازشریف اور زرداری سونے کے انڈے کھا کرکُڑک ہو گئے ہیں۔ ڈالر اوپر جانے سے فرق نہیں پڑتا لوگ چاہتے ہیں کہ سونے کے انڈے کھانے والی مرغیوں کا احتساب ہو۔ آصف علی زرداری اور نواز شریف اپنے آخری الیکشن لڑ چکے ہیں، یہ کس منہ سے ہمیں معیشت پر لیکچر دے رہے ہیں؟۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف، زرداری اور ان کے 5 سے 7 قریبی لوگوں کے لیے آرڈیننس لانا چاہیے کہ 3 ماہ میں اربوں روپے کا حساب دیں ورنہ پیسے ضبط کر لیے جائیں گے، اس طرح ہمیں قرضے بھی نہیں لینے پڑیں گے۔

انہوں نے وزیر خزانہ اسد عمر کے متعلق پھیلائی جانے والی خبروں کی سختی سے تردید کی اور کہا کہ وزیر خزانہ کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈے کا مقصد مستحکم ہوتی ملکی معیشت کو عدم استحکام سے دوچار کرنا ہے۔ وزیر خزانہ اپنی بھرپور صلاحیتوں اور محنت کے ساتھ بہترین قومی خدمت سر انجام دے رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کو وزیر خزانہ کی صلاحیتوں پر بھر پور اعتماد ہے ۔ ملکی معیشت کو استحکام دینے کے لیے اسد عمر کی قابلیت نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری اور برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ درآمدات میں کمی آئی ہے،وہ دن دور نہیں جب پاکستان کی معیشت میں پاکستان کی سیاست کی طرح مثبت تبدیلی آئے گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).