کیا پرینکا اور دیپکا کے بعد قطرینہ کے دل میں بھی شادی کی امنگیں جاگی ہیں؟


پرینکا چوپڑا اور نک جوناس کی شادی کئی وجوہات کی بنا پر خبروں میں رہی۔ ایک تو دونوں اپنی اپنی انڈسٹری کی بڑی شخصیات ہیں، دوسرے پرینکا کی شادی کا جوڑا اور ان کا گھونگھٹ یا نقاب، اور تیسرے نیویارک کے ایک میگزین میں اس شادی پر ‘بیہودہ’ تبصرہ جس میں بڑے ہتک آمیز انداز میں پرینکا کو ‘شکاری’ اور نِک جونز کو ‘میمنہ’ قرار دیا گیا تھا۔

جب سوشل میڈیا پر اس تحریر پر لعن طعن ہوئی اور لوگوں نے میگزین کو آڑے ہاتھوں لیا تو ادارے نے معافی مانگتے ہوئے مضمون ہٹا لیا۔

بالی وڈ میں بھی کچھ لوگوں نے اس پر سخت ناراضی ظاہر کی جو بالکل جائز تھی۔ شادی دو لوگوں کا ذاتی معاملہ ہوتا ہے اس میں مذہب، ذات، رنگ، نسل یا پھر عمر کا فرق صرف ان دونوں کے لیے ہی معنی رکھتا ہے جو اس بندھن میں بندھنے جا رہے ہوں۔

یہ بھی پڑھیے

بالی وڈ میں شادیوں کا موسم اور شاہ رخ خان تارے توڑ لائے

اگلے سال بالی ووڈ میں کس کس کی شادی ہو سکتی ہے

ویسے اس بارے میں پرینکا کا ردِ عمل بہت نارمل تھا۔ ان کہنا تھا: ‘میں اس بارے میں کچھ کہنا فضول سمجھتی ہوں کیونکہ میں اس وقت میں بہت خوش ہوں اور ایسی باتوں سے میری خوشیوں میں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔’

بہر حال بہت سے لوگوں نے اس مضمون پر ناراضی ظاہر کی لیکن سب سے پہلے ملائکہ اروڑہ کے خاص دوست ارجن کپور سامنے آئے اور کیوں نہ آتے وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ آج پرینکا کی باری تھی کل ان کی بھی ہو سکتی ہے!

قطرینہ کیف

یوں تو اس سال بالی وڈ کی تین بڑی ہیروئنیں شادی کے بندھن میں بندھ چکی ہیں جبکہ مزید چند ارادہ باندھ رہی ہیں۔ ان میں سے ایک قطرینہ کیف بھی ہیں۔ قطرینہ اپنی فلم زیرو کے پروموشن میں مصروف ہیں اور حال ہی میں انھوں نے اپنے مستقبل کی محبت، شادی اور بچوں کے بارے میں بات کی ہے۔

قطرینہ کا کہنا تھا کہ کچھ سال پہلے وہ شادی اور بچوں کے بارے میں سوچتی تھیں لیکن حالات نے ان کا ساتھ نہیں دیا اور اب انھوں نے سب قسمت پر چھوڑ دیا ہے۔

قطرینہ نے اعتراف کیا کہ انھوں نے محبت میں بُرے حالات کا سامنا کیا اور اب وہ اس بات کو تسلیم کرتی ہیں کہ سب کچھ انسان کے ہاتھ میں نہیں ہوتا اور آپ اپنی قسمت سے نہیں لڑ سکتے۔

یہ بھی پڑھیے

‘ایک خوبصورت اور مہذب لڑکی کا استقبال ہے’

‘سونم کی شادی اور قطرینہ کی بہن کا ڈیبیو’

تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ محبت میں تلخ تجربات کا مطلب یہ نہیں کہ انھیں محبت پر بھروسہ نہیں رہا۔ وہ کہتی ہیں ایک دن ان کی زندگی میں پھر سے محبت کے رنگ ضرور شامل ہوں گے۔

پاکستان کی رومانٹک کامیڈی فلم ‘بالو ماہی’ کے بعد اب پروڈیوسر سعدیہ جبار ایچ کے سی ایٹرٹینمنٹ اور سِنے سٹار کے ساتھ مل کر ایک نئے پروجیکٹ پر کام شروع کرنے والی ہیں۔

یہ فلم ایک کامیڈی ڈرامہ ہو گا اور اس کا ٹائٹل ‘مڈل کلاس’ ہو گا۔

یہ فلم پاکستانی مڈل کلاس کی زندگی اورخواہشات کا احاطہ کرے گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp