جوئے کی لت اور قرضوں کے بوجھ سے نجات دلانے کے لیے اب بینک مدد کرے گا


bank

بارکلیز پہلا ہائی سٹریٹ بینک بن گیا ہے جو اپنے گاہکوں کو ڈیبٹ کارڈز پر مخصوص قسم کے اخراجات کو ‘سوئچ آف’ کرنے کی سہولت مہیا کرتا ہے۔

اس کا مقصد مصیبت میں پھنسے گاہکوں، خصوصاً جوئے بازوں یا شدید مقروض لوگوں کی مدد کرنا ہے۔

تاہم، تمام اکاؤنٹ مالکان اب کئی کیٹیگریزی میں اپنے اخراجات پر روک لگا سکتے ہیں جن میں ریستوران، شراب خانے اور پیٹرول پمپس بھی شامل ہیں۔

اس خیال پر عمل کرنے کے لیے خیراتی اداروں اور مارٹن لیوِس جیسے مالیاتی ماہرین کی طرف سے کافی دباؤ ڈالا گیا تھا۔

یہ کیسے کام کرتا ہے؟

گاہک مخصوص دکانوں کو بلاک نہیں کر سکتے لیکن یہ طے کر سکتے ہیں کہ کونسی کیٹیگریز پر پیسے لگا سکتے ہیں۔

یہ مندرجہ ذیل ہیں:

  • سودا سلف اور مارکیٹ
  • ریستوران، شراب خانے اور ٹیک اویز
  • پیٹرول سٹیشنز
  • جوئے بازی: ویب سائٹس، سٹے بازی کی دکانیں اور لاٹری ٹکٹس
  • پریمیئم ریٹ ویب سائیٹس، فون لائنز جس میں ٹی وی حقِ رائے، مقابلے اور بالغوں کےلیے سروسز شامل ہیں۔

وہ گاہک جو مندرجہ بالا کیٹیگریز میں سے کسی کا بھی چناؤ کرنا چاہتے ہیں وہ بارکلیز ایپ سے ایسا کر سکتے ہیں۔ تاہم، ان کو ایپ کا تازہ ترین ورژن ڈاؤن لوڈ کرنا پڑے گا۔

یہ بینک جا کر یا بینک کی متعلقہ برانچ کو فون کر کے بھی کیا جا سکتا ہے۔

اس وقت یہ سہولت صرف ڈیبٹ کارڈز کے لیے استعمال کی جا رہی ہے لیکن بعد میں اسے کریڈٹ کارڈ پر بھی لاگو کرنا چاہیے۔

بارکلیز

اگرچہ بارکلیز وہ پہلا بینک ہے جس نے اس سکیم کا آغاز کیا ہے، دیگر بینکوں نے بھی اسی قسم کے بلاکرز متعارف کروانا شروع کر دیے ہیں۔

جواری اس بارے میں کیا سوچتے ہیں؟

ایک سال میں 100000 پونڈ ہارنے والے شمالی مِڈلینڈز کے سابق جواری اینڈی گرے نے اس خیال کا خیر مقدم کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ‘یہ ایک شاندار خیال ہے۔ اس کا استعمال سکولوں میں بھی ہونا چاہیے اور ہر ماں باپ کو اس کی خبر ہونی چاہیے۔’

اگرچہ وہ جوئے کے لیے کاروبار سے کمائی گئی میسر نقدی استعمال کرتے تھے لیکن نقدی نہ ہونے کی صورت میں وہ ڈیبٹ کارڈ کا ہی استعمال کرتے تھے۔

‘جب میں کام نہیں کر رہا ہوتا تھا اور سٹہ لگانے کی ضرورت پیش آتی تھی تو میں آن لائن رقم ادا کرنے کے لیے ڈیبٹ کارڈ کا استعمال کرتا تھا۔’

ان کا کہنا ہے کہ وہ ایپ کا استعمال جلد سے جلد کریں گے۔

کیا باقی بینک بھی ایسا ہی کرتے ہیں؟

اگرچہ بارکلیز وہ پہلا بینک ہے جس نے اس سکیم کا آغاز کیا ہے، دیگر بینکوں نے بھی اسی قسم کے بلاکرز متعارف کروانا شروع کر دیے ہیں۔

سٹرلنگ نامی موبائل بینک اپنے صارفین کو مخصوص قسم کی اخراجات اور سٹے بازی کی ویب سائیٹس کو بلاک کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

جون میں مونزو کی جانب سے متعارف کرائے گئے آلے نے جوئے پر خرچ کی گئی رقم میں 70 فیصد تک کمی رپورٹ کی ہے۔

منی ایڈوائس ٹرسٹ اور دیگر خیراتی اداروں کی طرف سے اس خیال کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔

منی سیونگ ایکسپرٹ کے بانی مارٹن لیوِس کا کہنا ہے کہ ‘میرا خیال ہے کہ یہ لوگوں کی زندگیوں میں فرق لائے گا اور مجھے امید ہے کہ باقی بینک بھی اس خیال کی پیروی کریں گے۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32297 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp