پرتھ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی انڈیا پر فتح، سیریز برابر


کوہلی

PA
دوسری اننگز میں کوہلی اپنی ٹیم کے لیے فتح گر اننگز نہ کھیل سکے

پرتھ میں کھیلے جانے والے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے انڈیا کو 146 رنز سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی ہے۔

اس میچ میں آسٹریلیا نے انڈیا کو فتح کے لیے 287 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن انڈین ٹیم دوسری اننگز میں صرف 140 رنز ہی بنا سکی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ دیکھیے

منگل کو کھیل کے آخری دن انڈیا نے اپنی دوسری اننگز 112 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ سے شروع کی اور اس کی بقیہ پانچ وکٹیں سکور میں صرف 28 رنز کے اضافے کے بعد گر گئیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے تمام بولرز نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں لینے والے نیتھن لائن نے اس اننگز میں کپتان ویراٹ کوہلی کی اہم وکٹ سمیت تین وکٹیں لیں۔

یہ بھی پڑھیے

’کوہلی دنیا کے سب سے بد تمیز کھلاڑی ہیں‘

ان کے علاوہ مچل سٹارک نے بھی تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ پیٹ کمنز اور جوش ہیزل وڈ نے دو، دو وکٹیں لیں۔

انڈیا کی جانب سے دوسری اننگز میں رشبھ پانٹ اور اجنکیا ریہانے 30، 30 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ چھ کھلاڑیوں کا سکور دوہرے ہندسوں تک بھی نہ پہنچ سکا۔

آسٹریلوی ٹیم

آسٹریلیا کی جانب سے تمام بولرز نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور نیتھن لائن سب سے کامیاب بولر رہے

پرتھ ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا اور پہلی اننگز میں 326 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں انڈیا کی ٹیم کپتان کوہلی کی سنچری کی بدولت 283 رنز بنانے میں کامیاب رہی تھی۔

دوسری اننگز میں آسٹریلوی ٹیم عثمان خواجہ کی نصف سنچری کی بدولت 243 رنز بنا پائی اور یوں اسے 286 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوئی تھی۔

پرتھ کی ڈراپ ان پچ

پرتھ ٹیسٹ ایک ڈراپ ان پچ پر کھیلا گیا یعنی یہ ایک ایسی پچ تھی جو میدان سے باہر تیار کی گئی اور پھر اسے لا کر میدان میں بچھا دیا گیا۔

یہ عموماً ایسے میدانوں میں کیا جاتا ہے جنھیں ایک سے زیادہ کھیلوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

پرتھ میں ڈراپ ان پچوں کا استعمال پہلی مرتبہ 1970 کی کیری پیکر ورلڈ سیریز کے دوران کیا گیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32297 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp