کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے سلمان علی کون ہیں؟


 

سلمان علی نے انڈیا میں گلوکاری کے معروف پروگرام ’انڈین آئیڈل‘ میں کئی ہفتوں تک اپنی آواز سے لوگوں کو اپنا مداح بنایا اور آخر کار اتوار کی رات لوگوں کا ووٹ حاصل کر کے وہ اس شو کے دسویں سیزن کے فاتح قرار پائے۔

مقامی میڈیا کے مطابق سلمان علی کو انعام میں ٹرافی کے علاوہ 25 لاکھ روپے اور ایک ڈاٹسن گاڑی بھی ملی ہے۔

سلمان علی کا تعلق ہریانہ کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے ہے اور ان کا خاندان شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں گلوکاری کر کے اپنا روزگار کماتا ہے۔

انعام میں ملنے والی رقم کے بارے میں سلمان علی کا کہنا تھا کہ’میرا تعلق ایک غریب گھرانے سے ہے۔ میرے گھر کی حالت بھی خستہ ہے اور اس کی چھت کی مرمت ہونے والی ہے۔ ہم نے قرض بھی لے رکھا ہے تو میں یہ رقم اس سب کے لیے خرچ کروں گا۔ اس پیسے سے اپنی زندگی کو آگے لے کر چلوں گا۔‘

سلمان علی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’انھوں نے کبھی ہار نہیں مانی اس لیے آج یہ ٹرافی ان کی ہے‘۔

وہ اب ممبئی میں رہنا چاہتے ہیں اور پرامید ہیں کہ بالی وڈ میں انھیں کام ملے گا۔

شو کے فائنل میں ان کی ملاقات بالی وڈ کے سپر سٹار شاہ رخ خان سے ہوئی جس بارے میں ان کا کہنا تھا کہ انھیں یقین نہیں آ رہا تھا کہ وہ شاہ رخ خان کے لیے گانا گا رہے ہیں اور یہ سب ان کے لیے ایک خواب کی طرح تھا۔

روزنامہ ہندوستان ٹائمز کے مطابق وہ ورن دھون اور انوشکا کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم سوئئ دھاگہ کے لیے گانا گا بھی چکے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp