77 سالہ لارڈ محمد الطاف شیخ کی لازوال محبت: طویل جدوجہد کے بعد 45 سال چھوٹی لڑکی سے شادی رچا لی


برطانیہ کے  معروف مسلمان شہری لارڈ محمد الطاف شیخ نے 77 سال کی عمر میں خود سے 45 سال چھوٹی لڑکی سے شادی رچا لی۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں ایک 77 سالہ مسلمان اور ہاؤس آف لارڈز کے رکن شخص محمد الطاف شیخ نے 32 سالہ لڑکی کے ساتھ بیاہ رچا لیا ہے اور ان کی محبت کی کہانی داستانوی رنگ لئے ہے۔

میل آن لائن کے مطابق محمد الطاف شیخ نامی یہ عمررسیدہ شخص برطانیہ کے کنزرویٹو مسلم فورم کا بانی، سیاستدان اور 2006ء سے برطانوی پارلیمنٹ کا رکن بھی ہے۔ اس نے گزشتہ دنوں ساﺅتھ لندن میں خود سے 45 سال چھوٹی خاتون گولی موراڈوا سے شادی کی۔ الطاف شیخ اور موراڈوا کئی برسوں سے ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے اور پانچ سال قبل بھی دونوں نے شادی کرنے کا فیصلہ کیا لیکن عین شادی کے روز الطاف نے موراڈوا کو دھوکہ دے دیا اور اسے عروسی لباس میں ہی چھوڑ کر چلا گیا۔

رپورٹ کے مطابق الطاف اور موراڈوا پہلی بار ایک کیفے میں ملے تھے جہاں موراڈوا ملازمت کرتی تھی۔ انشورنس انڈسٹری سے وابستہ کروڑ پتی محمد الطاف شیخ نے مورا ڈوا کو اپنا بزنس کارڈ دیا اور یوں دونوں کے درمیان ملاقاتیں شروع ہو گئیں۔ جب محمد الطاف شیخ کی بیوی لیڈی شاہدہ شیخ کو ان کے تعلق کے بارے میں علم ہوا تو وہ بہت مشتعل ہو گئی اور اس کیفے پر جا کر موراڈوا کو کھری کھری سنا دیں۔ موراڈوا کا تعلق ازبکستان سے تھا اور وہ برطانیہ میں پڑھائی کے ساتھ ساتھ اس کیفے پر ملازمت کر رہی تھی۔ اس واقعے پر دلبرداشتہ ہو کر وہ واپس ازبکستان چلی گئی۔ تاہم لارڈ محمد الطاف نے اس سے رابطہ کیا اور شادی کا وعدہ کرکے اسے واپس بلا لیا۔

موراڈوا کے واپس آنے پر 2012ء میں انہوں نے شادی کا فیصلہ کیا اور عین شادی کے روز محمد الطاف نے شادی سے انکار کر دیا۔ اس کے چند ماہ بعد اس نے اپنی بیوی کو، جس کے ساتھ اس کی 25 سال قبل شادی ہوئی تھی، طلاق دے دی اور موراڈوا کو دوبارہ منا لیا اور دونوں ایک چھت تلے رہنے لگے۔ اب گزشتہ دنوں وہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے ہیں۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ لارڈ محمد الطاف شیخ اور لیڈی شاہدہ کی ایک بیٹی بھی ہے جوعمر میں لارڈ محمد الطاف کی موجودہ بیگم موراڈوا سے 15 سال بڑی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).