کیپٹن صفدر دبئی میں موجود مبینہ زوجہ ثانی کو جواز بنا کر این آر او مانگ رہے ہیں: عامر لیاقت حسین


تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر نے دوسری شادی کر رکھی ہے اور وہ اسی کی بنیاد پر این آر او حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

نجی ٹی وی پبلک نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عامر لیاقت حسین نے کہا کہ “سہ جہتی این آر او مانگے جا رہے ہیں۔ کیپٹن صفدر کوشش کر رہے تھے اور کہہ رہے تھے کہ میں اس خاندان سے تعلق نہیں رکھتا، میری دوسری بیوی بھی دبئی میں موجود ہے، میں تو ان کے ساتھ پھنس گیا ہوں، مجھے باہر نکالا جائے”۔

عامر لیاقت کی جانب سے کیپٹن صفدر کی دوسری شادی کی بات کی گئی تو اینکر نے ان سے اس بات کی تصدیق چاہی اور بتایا کہ گزشتہ دنوں بھی ایسی خبر آئی تھی جس کی تردید کردی گئی تھی ۔ عامر لیاقت حسین نے اینکر کے لقمے پر اپنی بات کا اعادہ کیا اور کہا کہ یہ 100 فیصد درست خبر ہے ، ان کی اہلیہ دبئی میں موجود ہیں۔ انہیں خاموش کرایا گیا ہے، انہیں کچھ پیسے بھی بھجوائے گئے تھے۔

عامر لیاقت حسین سے تجزیہ کار چوہدری غلام حسین نے پوچھا کہ ’ آپ کے کراچی کے وزیر نے بھی تو شادی کی ہے‘ جس پر ساتھی اینکر سعید قاضی نے کہا کہ اس خبر کی تردید آچکی ہے۔ عامر لیاقت حسین نے کہا کہ وہ اس معاملے سے باخبرنہیں ہیں لیکن اگر شادی ہوئی ہے تو یہ بہت اچھی بات ہے لیکن شادی چھپ کر نہیں ہونی چاہیے، شادی کرنی ہے تو عامر لیاقت کی طرح ببانگ دہل کریں‘۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).