انڈیا کے خلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ کی کپتانی سات سالہ بچہ کرے گا


آسٹریلیا نے انڈیا کے خلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ کے لیے سات سالہ آرچی شلر کو اپنی ٹیم کا شریک کپتان نامزد کیا ہے۔

انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان چار کرکٹ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پانچواں میچ بدھ سے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

سات سالہ آرچی شلر کرکٹ کے مداح ہیں اور تین ماہ کی عمر میں ان میں دل کی ایک بیماری کی تشخیص ہوئی تھی، اس وقت سے ان کی کئی سرجریز ہو چکی ہیں۔

انھیں ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کرنے کی خبر گذشتہ ماہ سامنے آئی تھی جب آسٹریلیا کی ٹیم متحدہ عرب امارات میں ٹیسٹ سیریز کھیل رہے تھی۔ آرچی شلر کو ٹیم میں شامل کرنے خبر آسٹریلیا کے ہیڈ کوچ جسٹن لینگر نے انھیں دی تھی۔ انڈیا کے خلاف ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل انھوں نے ٹیم کے ساتھ پریکٹس بھی کی تھی۔

آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ٹم پین نے اتوار کو میلبرن میں واقع یرّا پارک میں منعقدہ ایک فیملی ڈے کی تقریب میں اس کا باضابطہ اعلان کیا تھا۔

https://twitter.com/gilly381/status/1076698128139444224

آئی سی سی کی ویب سائٹ کے مطابق ٹم پین نے اس موقع پر کہا کہ ’بے شک آرچ اور ان کا خاندان ایک مشکل وقت سے گزرتا رہا ہے۔‘

’جب ان کے والد نے ان سے پوچھا کہ وہ کیا کرنا چاہیں گے تو انھوں نے کہا کہ وہ آسٹریلیا کی کپتانی کرنا چاہتے ہیں۔‘

ٹم پین نے کہا کہ ’بعض اوقات ہم زندگی جیتے ہیں، یہ بہت اچھا ہے، لیکن بعض اوقات ہم خود اپنی زندگی میں ضائع ہوجاتے ہیں، چنانچہ ان جیسا کوئی ہمارے آس پاس ہونا ہمارے گروپ کے لیے بہت متاثر کن ہے۔ یہ بہت اچھا ہے کہ وہ ہمارے ساتھ ہیں اور ہم باکسنگ ڈے پر ان کے ڈیبیو کے منتظر ہیں۔‘

تیسرے ٹیسٹ میچ کے لیے آسٹریلیا کا سکواڈ: ٹم پین (وکٹ کیپر اور کپتان)، آرچی شلر (کپتان)، جوش ہیزل ووڈ، مچل مارش، پیٹ کمنز، آرون فنچ، پیٹر ہینڈزکومب، مارکس ہیرس، ٹریوس ہیڈ، عثمان خواجہ، نیتھن لائن، شان مارش، پیٹر سڈل اور مچل سٹارک۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر ہے۔ ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں انڈیا نے 31 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ پرتھ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے انڈیا کو 146 رنز سے زیر کیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32483 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp