ہالی وڈ 2019 میں کون کون سے فلمیں ریلیز کر رہا ہے؟


2018 اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے اور 2019 کی آمد آمد ہے۔ یہ وہ وقت ہے جب ہم سب یہ سوچنا شروع کر دیتے ہیں کہ اگلے سال کی خاص خاص فلمیں کون سی ہیں جنھیں دیکھنے کے لیے ہمیں پہلے سے منصوبہ بندی کرنی ہوگی کہ کہیں اس کی ٹکٹ نہ نکل جائے۔

کچھ فلمیں آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد ہوں گی اور کچھ فلمیں موسیقی پر مبنی ہوںگی اور کچھ سپر ہیروز کی کہانیوں پر مبنی ہوں گی۔ مطلب یہ کہ اگلے بارہ مہینے ہر کسی کے ذوق کے مطابق کوئی نہ کوئی فلم ریلیز ہو رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ہالی وڈ میں ہٹ، بالی وڈ میں فلاپ

پائریسی صرف ہالی وڈ کے لیے بڑا مسئلہ ہے؟

کیا ہالی وڈ جانا بیوقوفی ہے؟

جنوری سے مارچ

فروری کی 24 تاریخ کو آسکر ایوارڈز کی تقریب ہونی ہے اور اس سے پہلے کئی ایسی فلمیں آنے والی ہیں جو ان ایوارڈز کے لیے نامزد ہو سکتی ہیں۔

سب سے پہلے تو نئے سال کے موقعے پر برطانوی شاہی خاندان پر بننے والی فلم ‘دا فیورٹ’ ( The Favourite( ریلیز ہوگی۔ اس فلم کی مرکزی اداکرہ اولیویا کولمین کے بارے میں ناقدین کا کہنا ہے کہ ان کی اداکاری پر انھیں آسکر مل سکتا ہے۔

اس کے علاوہ نشے کی لت پر بنی فلم ‘بیوٹی فل بوائے’ (Beautiful Boy)، ہم جنس پرستی پر بننے والی فلم ‘بوائے ایریزڈ’ (Boy Erased) ، معروف اداکارہ نکول کڈمین کی جرائم پر بننے والی ڈرامائی فلم ‘ڈسٹرائر’ (Destroyer) اور دیگر کئی فلمیں آسکر کے لیے نامزد ہو سکتی ہیں۔

اس کے علاوہ چند اور فلمیں ہیں جیسے ‘آل از ٹرو’ (All Is True) ، ‘کین یو ایور فارگیو می’ (Can You Ever Forgive Me) اور ‘اے پرائیوٹ وار’ (A Private War) بھی ان تین مہینوں میں ریلیز ہوں گی۔

جنوری میں ریلیز ہونے والی ایک فلم جس کا شائقین کو شدت سے انتظار ہے وہ ہے معروف فلمساز ایم نائٹ شائمالان کی فلم ‘گلاس’ (Glass) ہے۔

مارچ کے مہینے میں سپر ہیرو فلم ‘کیپٹن مارول’ (Captain Marvel) بھی ریلیز ہو گی جس میں مارول یونیورس کی پہلی خاتون سپر ہیرو کیپٹن مارول کے کردار کی رونمائی ہوگی۔

اینیمشن کے شائقین کے لیے بھی دو بڑی فلمیں آنی ہیں جن میں سے ایک ‘ہاؤ ٹو ٹرین یور ڈریگن’ (How To Train Your Dragon) سیریز کی تیسری فلم آئے گی جب کہ ‘لیگو مووی’ (Lego Movie) کا دوسرا حصہ بھی ریلیز ہوگا۔

اس کے علاوہ شائقین کو مشہور فلمساز ٹم برٹن کی بنائی ہوئی ‘ڈمبو’ (Dumbo) کا بھی انتظار ہے جو کہ والٹ ڈزنی کی 1941 میں بنائی ہوئی مووی کا ری میک ہے۔

اپریل سے جون

سپر ہیرو فلمیں اس سال بھی سنیما ہالوں ہر چھائی ہوں گی اور اپریل میں ایک بڑا نام ہوگا ‘شازام’ (Shazam) کا اور دوسرا ہوگا مارول کی ‘ایونجرز’ کی آخری قسط ‘اینڈ گیم’ (Avengers: Endgame)۔ توقع ہے کہ ایونجر فلم سال کی سب سے بڑی اور کامیاب مووی ہو گی۔ اس کے علاوہ مئی میں ‘برائٹ برن’ (Brightburn) فلم آنی ہے اور اس کے بعد جون میں ‘ایکس مین: ڈارک فینکس’ (X-Men: Dark Phoenix) بھی ریلیز ہو گی۔

اس کے علاوہ ایک اور فلم جس کا شائقین کافی انتظار کر رہے ہیں وہ ہے ‘پوکی مون’ (Pokemon) سیریز کے سراغ رساں ‘پی کاچو’ (Pikachu) کی فلم جو اس سال موسم بہار میں آئے گی۔ اس کے علاوہ ‘مین ان بلیک’ (Men In Black) سیریز کی ایک اور قسط اس سال ریلیز ہوگا۔

اس کے علاوہ اینیمیٹڈ فلم ‘ٹوائے سٹوری’ (Toy Story) کا چوتھا حصہ بھی اس سال آنا ہے جبکہ ‘دا سیکریٹ لائف آف پیٹس’ (The Secret Life of Pets) کا بھی دوسرا حصہ اسی سال ریلیز ہوگا۔

ان تین مہینوں میں ریلیز ہونے والی ایک بڑی فلم موسیقار الٹن جان کی زندگی پر بننے والی فلم ‘راکٹ مین’ (Rocket Man) ہوگی جبکہ ڈزنی کی شہرہ آفاق فلم الادین (Alladin) کا بھی ری میک اس سال آئے گا۔

جولائی سے ستمبر

موسم گرما یعنی چھٹیوں کی سیزن میں بڑی تعداد میں فلمیں ریلیز ہوتی ہیں اور ہمیشہ کی طرح اس سال بھی ایسا ہی ہوگا۔

مارول کی فلم ’سپائڈر مین‘ (Spider Man) کی دوسرا قسط، ’فاسٹ اینڈ فیوریس‘ (Fast and the Furious) سیریز اور جیرارڈ بٹلر کی ‘اینجل ہیز فالن’ (Angel Has Fallen) بھی ان تین مہینوں میں ریلیز ہوں گی۔

لیکن اس سیزن کی وہ فلمیں جن کا سب سے شدت سے انتظار ہے وہ ہیں فلمساز کوئنٹن ٹارنٹینو کی ‘ونس اپون اے ٹائم ان ہالی وڈ’ (Once Upon a Time in Hollywood) اور ڈزنی کی 1994 میں آنے والی معرکتہ الآرا ‘لائن کنگ’ (Lion King) کارٹون کا ری میک ہیں۔

اکتوبر سے دسمبر

سال کے آخری حصے میں آنے والی فلمیں وہ ہیں جن کے بارے میں شائقین پہلے سے معلومات رکھتے ہیں کیونکہ وہ درحقیقت ٹی وی شوز تھے جن کو اب فلموں میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔

ان میں سے چند بڑی فلمیں ‘چارلیز اینجلز’ (Charlie’s Angels)، ‘دا ایڈمز فیملی’ (The Addams Family) اور ‘ماسٹرز آف دا یونی ورس’ (Masters of the Universe) شامل ہیں۔

سپر ہیرو فلموں میں بڑا نام ‘جوکر’ (Joker) فلم کا ہوگا اور اس کے علاوہ آرنلڈ شوازنیگر کی شہرہ آفاق ‘ٹرمینیٹر’ (Terminator) کا نیا پارٹ بھی ریلیز ہونا ہے۔

ڈزنی کے لیے یہ کافی اہم اور بڑا سال ہوگا کیونکہ سال کے بقیہ حصے کی طرح اس آخری حصے میں بھی ان کی دو بڑی فلمیں آ رہی ہیں جن میں ‘سٹار وارز: اپی سوڈ نائن’ (Star Wars: Episode Nine) آئے گی اور اس کے علاوہ بچوں میں مقبول کارٹون فلم ‘فروزن’ (Frozen) کا بھی دوسرا پارٹ ریلیز ہوگا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp