ماروی میمن کی گستاخی اور اسلامی نظریاتی کونسل


\"adnanسنا ہے کہ ماروی میمن نامی کوئی گمراہ خاتون کسی طرح قومی اسمبلی میں پہنچ گئی ہے۔ اس نے ظلم کی انتہا کرتے ہوئے یہ قانون بنانے کی کوشش کی کہ کم عمری کی شادی کرانے والوں کو سخت سزا دی جائے۔ شکر ہے کہ عین وقت پر یہ قانون اسلامی نظریاتی کونسل کی توجہ حاصل کر گیا۔

کونسل کے علمائے کرام نے بل پر غور کیا۔ خوب تعجب کیا کہ ایسا بل پیش ہی کیوں کیا گیا ہے۔ پھر قرار دیا کہ یہ بل شریعت سے متصادم ہے۔ اور مزید یہ بھی بتا دیا کہ اس میں بلاسفیمی، یعنی توہین مذہب جھلکتی ہے۔ اس پر اس شریر عورت نے عبرت پکڑی اور بل واپس لے لیا۔ ابھی چند دن پہلے ہی تو سلمان تاثیر کی برسی گزری ہے۔ خدا نے بہت خیر کی کہ اس عورت کو توبہ کرنے کا موقع مل گیا۔

ہم جاہل آدمی ہیں۔ ہمارا دین یا دنیا کے امور کے بارے میں کوئی خاص علم تو نہیں ہے، لیکن غور کرنے بیٹھے ہیں تو ملکی قوانین میں ہر طرف ہی توہین مذہب نظر آنے لگی ہے۔ غضب خدا کا، کہ ان نابکار حکمرانوں نے غلامی کا خاتمہ کرنے کے عالمی قانون پر دستخط کر دیے ہیں۔ دنیا میں مقدس سعودی مملکت وہ آخری ملک تھا جس نے انسانی غلامی اور غلاموں کنیزوں کی خرید و فروخت پر 1964 ءمیں پابندی لگائی۔ پتہ نہیں یہود و نصاری کا کیسا دباﺅ ہو گا جس کی وجہ سے ہم گمراہ پاکستانی اور ہدایت یافتہ سعودی اس مکروہ عمل پر مجبور ہو گئے اور یہ ممالک یہ پابندی لگا کر توہین مذہب کر بیٹھے۔

دوسری شادی کے معاملے پر عائلی قانون میں یہ جو پہلی بیوی سے اجازت کی شرط ہے، ہمیں تو اس توہین مذہب پر بھی افسوس ہے۔ خدارا اس برے عائلی قانون کو ختم کیا جائے۔ شریعت میں بیوی سے اجازت کی شرط نہیں ملتی ہے۔

اسی طرح یہ پولیو ویکسین وغیرہ کے معاملے میں بھی کچھ کیا جانا چاہیے۔ گو کہ ہمارے مجاہدین زور و شور سے پولیو ورکرز کو مار مار کر اس مہم کو روک رہے ہیں، لیکن ایک اسلامی مملکت میں قانونی طور پر اس پر پابندی لگا دی جانی چاہیے، کجا یہ کہ اس مکروہ عمل کی انجام دہی کے لئے سرکاری ادارے بنا کر ان کو فنڈ دیے جائیں۔

ڈی این اے کے ذریعے زنا بالجبر کے ثابت کئے جانے کے خلاف تو الحمدللہ اسلامی نظریاتی کونسل نے اپنا واضح شرعی موقف دے دیا ہے۔ لیکن ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ یہ فنگر پرنٹ وغیرہ کے ذریعے چوری اور قتل کو ثابت کئے جانے کا تدارک کرنا بھی اہم ہے۔ اس امر پر بھی غور کیا جائے اور قوانین میں مناسب تبدیلی کی جائے۔ لیکن زیادہ افسوس ہمیں اس بات پر ہو رہا ہے کہ فون پر نکاح اور ایس ایم ایس پر طلاق کے خلاف کوئی کام نہیں ہو رہا ہے۔ اس گمراہی کے خلاف قوانین بنائے جائیں تو کیا ہی خوب ہو۔

ویڈیو کو جرم کے ثبوت کے طور پر پیش کرنا قطعی غلط ہے۔ ہم جانتے ہی ہیں کہ تصویر اور ویڈیو حرام ہے۔ کوئی بھی ذی فہم شخص اس امر سے انکار نہیں کرے گا کہ ایک حرام چیز کو ثبوت کے طور پر قاضی کے سامنے پیش نہیں کیا جا سکتا ہے۔ تصویر کی بات چلی ہے تو پھر مملکت پاکستان میں کیمروں پر مکمل پابندی کا قانون بنایا جانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ شناختی کارڈ اور پاسپورٹ پر سے بھی تصاویر ہٹا دی جائیں۔

یہ درست ہے کہ ان تصاویر کو ہٹانے سے یہود و ہنود و نصاری کے ممالک میں ہمارا داخلہ ممکن نہیں ہو گا، لیکن یہ پہلو اہم ہے کہ ایک سچے مسلمان کے ان ممالک میں جانے کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہئے۔ مشرق وسطی کے اسلامی بھائیوں کو ہم سمجھا بجھا لیں گے کہ ہمیں بغیر تصویر کے اپنے ملک میں آنے دیں۔ علما کا وفد سعودی عرب بھیجا جانا چاہئے جو کم از کم حج اور عمرے کی دستاویزات میں اس حرام تصویر کا خاتمہ کرنے پر اس مقدس برادر ملک کو راضی کرے۔

پرنٹنگ پریس اور لاﺅڈ سپیکر پر بھی ماضی میں علمائے کرام نے پابندی لگائی تھی اور ان شیطانی چرخوں کا شرعی مقام واضح کر دیا تھا، لیکن محض دو تین سو سال بعد ہی یہ بدعت عام ہو گئی۔ اسے ختم کرنے کے لئے قانون سازی کی ضرورت ہے۔

لیکن پتہ نہیں کیوں وہ تعزیر کا لفظ ذہن میں گونجنے لگتا ہے۔ یاد آتا ہے کہ بیک وقت تین طلاق دیے جانے کے مسئلے پر حضرت عمر نے کوئی قانون سازی کی تھی۔ تو کہیں ایسا تو نہیں ہے کہ اسلام، حاکم وقت کو معاشرے کا چلن اور بگاڑ دیکھ کر شادی بیاہ طلاق وغیرہ پر کسی قانون سازی کی اجازت دے دیتا ہو؟ یہ جاہل راقم التحریر لاچار ہو کر مملکت پاکستان کے علمائے کرام سے اس سوال پر راہنمائی کا طالب ہے۔

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar

Subscribe
Notify of
guest
9 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments