’کدھر ہے نیا پاکستان: بل زیادہ اور بجلی کم، ہر طرف ہے گیس بند‘


گیس

سردی کے موسم میں قدرتی گیس اور بجلی کی عدم فراہمی کا شکوہ بہت سے شہریوں کی زباں پر ہے

پاکستان میں سردی کی شدت اپنے عروج پر ہے لیکن سوشل میڈیا پر عوامی جذبات خاصے گرم دکھائی دیتے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت انتخابات سے قبل کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کی عزم کا اظہار تو کر رہی لیکن عوام کی جانب سے بنیادی سہولیات کی عدم موجودگی کا شکوہ بھی زوروں پر ہے۔

ایک جانب سردی کے موسم میں قدرتی گیس اور بجلی کی عدم فراہمی کا شکوہ بہت سے شہریوں کی زباں پر ہے تو دوسری جانب تحریک انصاف کے حمایتی حکومت کی کارکردگی کو سراہانے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھ رہے۔

یہ بھی پڑھیں!

’اس سال بھی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ممکن نہیں‘

’بجلی بچانے کا کہتا رہا مگر کسی نے لفٹ نہ کرائی‘

بجلی کے لیے تاجکستان کا روگن ڈیم

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ’نیا پاکستان‘ کے نعرے کے ساتھ آئی تھی اور اب سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ بنیادی سہولیات کی عدم موجودگی میں ‘کدھر ہے نیا پاکستان’، اور ٹوئٹر پر یہی اس وقت صف اول کا ٹرینڈ بھی ہے۔

حکومت سے نالاں اظہر تھراج لکھتے ہیں کہ ‘ہر گھنٹے بعد لوڈشیڈنگ، چولہوں میں گیس نہیں، کسان سراپا احتجاج، وزرا کے گھروں سے منشیات کی برآمدگی، پولیس ظالموں کی ساتھی، ڈالر مہنگا، اشیا مہنگی، دن کو سکون نہ رات کو چین۔۔کدھر ہے نیا پاکستان۔’

https://twitter.com/ZahidMansori/status/1082497355830706176

ایک اور صارف زاہد منصوری لکھتے ہیں کہ ‘مہنگائی، بے روزگاری، جرائم جیسے مسائل نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے۔اور اب سردی کے موسم میں صبح و سویر ے گیس کی لوڈشیڈنگ سے گھریلو زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑگئے ہیں۔ بچے سکول و کالج ناشتہ کیے بغیر جانے پر مجبور ہیں #کدھرہےنیاپاکستان۔ ‘

حافظ ثاقب نے کہا کہ ‘بل زیادہ اور بجلی کم، ہر طرف ہے گیس بند۔’

حمزہ ناظم نے لکھا کہ ‘جس نئے پاکستان کے وعدے کیے گئے تھے ویسا تو کچھ نہیں ہے یہ تو 2013 سے پہلے جیسا پرانا پاکستان بنتا جا رہا ہے بجلی ہے نہ گیس نہ پانی البتہ مہنگائی کا طوفان شدت اختیار کر چکا ہے۔ #کدھرہےنیاپاکستان۔’

https://twitter.com/BefourMaryam/status/1082520204175921152

دوسری جانب کچھ صارفین کی جانب سے تحریک انصاف اور وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اٹھائے جانے اقدامات کو سراہا جا رہا ہے۔

ایک اور صارف مریم نے لکھا کہ ‘پناہ گاہ، امریکہ کو بے باک جوابات، ٹرمپ کی عمران خان سے ملنے کی خواہش، متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کی 12 سال بعد پاکستان آمد، کامیاب غیرملکی دورے، ایک وزیراعظم واقعی جانتا ہے کہ بات کیسے کرنی ہے، یہ ہے نیا پاکستان۔’

عبداللہ نے بھی کچھ اسی قسم خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ‘شیلٹر ہومز کی تعمیر، سعودی عرب، چین، متحدہ عرب امارات اور ملائشیا کے کامیاب دورے، اماراتی ولی عہد کی دہائیوں بعد آمد، ٹرمپ کی عمران خان سے ملاقات کی خواہش اور کرتار پور راہداری کھولنے نئے پاکستان کی چند جھلکیاں ہیں۔’

https://twitter.com/MianUmaz/status/1082508294193856513

تاہم بیشتر صارفین کی جانب سے روزگار کے مواقع کی کمی، بجلی اور گیس کے اضافی بلوں اور دیگر سہولیات کے فقدان کے بارے میں شکایات کا انبار حاوی نظر آیا۔

اس حوالے سے میاں عماز نے لکھا کہ ‘گذشتہ پانچ ماہ میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کی نوکریاں چلی گئیں۔ میڈیا ورکرز کو فارغ کیا گیا۔ ہاؤسنگ سیکٹر میں ملازمتیں ختم ہو رہیں۔ وہ ایک کروڑ نوکریاں کہاں ہیں جس کا وعدہ پی ٹی آئی نے کیا تھا؟


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp